اسلام آباد (نامہ نگار) وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود نے کہا ہے کہ تمام مدارس رجسٹرڈ ہونگے مگر اپنا نظم ونسق خود چلائیں گے، مدارس میں تعلیم وہ دی جائے گی جس سے مذہبی منافرت نہ پھیلے، یکساں نصاب کیلئے نجی سکولوں ، مدارس کی تنظیموں کے ساتھ رابطے میں ہیں ،مدارس آزاد ہوں گے وہ اپنا انتظام خود کریں گے وزارت صرف رجسٹریشن کرے گی،لازمی مضامین مدارس میں پڑھائے جائیں گے، ان مضامین کا امتحان فیڈرل بورڈ لے گا، فیڈرل بورڈ میں ایک شعبہ بنایا جاے گا جو مذہبی تعلیم کے ساتھ منسلک ہو گا، مدارس کے بچوں کو جب ڈگریاں ملیں گی تو انکے لیے دنیا کھل جائے گی،بینک اکاؤنٹس کھولنے میں مدرسوں کی مدد کریں گے،کسی کو مذہبی منافرت پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائیگی ۔ جمعرات کو یہاں وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پریس کانفرنس کا مقصد ایک اہم پیش رفت ہوئی ہے،یکساں تعلیمی نظام لانا چاہتے تھے۔ انہوںنے کہاکہ ہمارے مذ اکرات چل رہے تھے،چھ مئی کو مدارس کے ساتھ جو ملاقات ہوئی تھی کچھ معاملات پر اتفاق ہوا تھا۔ انہوںنے کہاکہ سارے مدارس رجسٹرڈ ہوں گے ،کچھ شرائط کے بعد رجسٹریشن ہو گی، مدارس کو مدد کرنا چاہتے ہیں، وہ ہم سے منسلک ہوں گے لیکن آزاد ہوں گے۔ انہوںنے کہاکہ وزارت تعلیم ریجنل آفس بنائے گی۔انہوںنے کہاکہ ریجنل آفس مدارس کی مدد بھی کریں گے۔انہوں نے کہاکہ جو مدارس رجسٹرڈ نہیں ہوں گے وہ کام نہیں کرسکیں گے۔ انہوںنے کہاکہ بنک اکائونٹ سے لے کر تدریسی نظام کے نفاذ اور آئندہ وقتوں میں اساتذہ یا تکنیکی سہولت کی فراہم بھی یقینی بنائیں گے۔ انہوںنے کہاکہ ملک بھر میں 12 ریجنل آفسز بنائیں گے۔ مدارس میں ٹیکنیکل تعلیم بھی دی جائے گی، مدارس سے دو روز مسلسل مذاکرات ہوئے،لازمی مضامین مدارس میں پڑھائے جائیں گے۔انہوںنے کہاکہ لازمی مضامین کا امتحان فیڈرل بورڈ لے گا۔ مذہبی مدارس کا امتحان وفاق المدارس لیں گے۔ انہوںنے کہاکہ ہم مدرسوں نے جو کام کیا انکی قدر کرتے ہیں، فیڈرل بورڈ میں ایک شعبہ بنایا جاے گا جو مذہبی تعلیم کے ساتھ منسلک ہو گا۔ انہوںنے کہاکہ مولانا مفتی منیب الرحمان، مولانا یاسر ظفر عبد المالک، مولانا افضل حیدری،مولانا عطاء الرحمن اور دیگر علماء نے ہمارا ساتھ دیا اور دستخط کئے۔ انہوں نے کہا کہ مدارس کے بچوں کو قومی دھارے میں شامل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ زیادہ تر معاملات طے ہو چکے ہیں۔ مفتی تقی عثمانی‘ قاری حنیف جالندھری نے دستخط کئے۔ انہوں نے کہاکہ ریاستی اداروں نے اس میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم‘ آرمی چیف کے شکرگزار ہیں انہوں نے ذاتی دلچسپی لی۔