بلوچستان میں پہلی گرلز سکول کرکٹ اکیڈمی کا قیام

لاہور (سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) النساء سکول کوئٹہ میں صوبہ بلوچستان کی پہلی گرلز سکول کرکٹ اکیڈمی قائم کردی گئی ہے۔اکیڈمی کا قیام پاکستان کرکٹ بورڈ کے "کرک فار اس " پروگرام کے اشتراک سے عمل میں لایا گیا ہے۔اکیڈمی میں ٹریننگ کا آغاز عید الضحیٰ کے بعد شروع ہوگا۔ سینئر جنرل منیجر ویمن کرکٹ پی سی بی شاہد اسلم کا کہنا ہے کہ خواتین کرکٹ کے فروغ کے لیے جاری اپنے اس پروگرام میں اضافے سے بہت خوش ہیں۔ اکیڈمی کے قیام سے کوئٹہ سے ٹیلنٹ کی تلاش میں مدد ملے گی جو مستقبل میں بلوچستان کیلئے معاون ثابت ہوگا۔ پی سی بی کے کوچ عقیل خان اور قومی خاتون کرکٹر ناہیدہ خان بھی اکیڈمی کی سہولیات اور کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لیتے رہیں گی۔گراس روٹ لیول پر جاری یہ پروگرام سکول کی طالبات کے لیے قومی سطح تک پہنچنے سے قبل ایک بہترین پلیٹ فارم ثابت ہوگا۔

ای پیپر دی نیشن