حمزہ شہباز کے پروڈکشن آرڈر جاری نہ ہونے پرمسلم لیگ (ن) کا پی اے سی ٹو کا بائیکاٹ جاری

لاہور( این این آئی )مسلم لیگ (ن) کی جانب سے قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز اور خواجہ سلمان رفیق کے پروڈکشن آڈرز کا اجراء نہ ہونے پر پبلک اکائونٹس کمیٹی ٹو کے اجلاس کی کارروائی سے بائیکاٹ جاری ہے ، عظمیٰ بخاری نے سپیکر آفس سے پروڈکشن آڈرز جاری نہ کرنے پر تحریری وضاحت مانگ لی ۔تفصیلات کے مطابق پبلک اکائونٹس کمیٹی ٹو کا اجلاس چیئرمین سید یاور عباس بخاری کی زیر صدارت ہوا جس میں محکمہ صحت کے آڈٹ پیراز زیر بحث لائے گئے ۔اجلاس میں کمیٹی ممبرز احمد علی اولکھ، سعید اکبر نوانی سمیت محکمہ صحت کے اعلی حکام شریک ہوئے ۔ اجلاس کے دوران چیئرمین سید یاور عباس بخاری اور لیگی رکن اسمبلی عظمی بخاری کے درماین مکالمہ بھی ہوا ۔ عظمیٰ بخاری نے کہا کہ خواجہ سلمان رفیق اس کمیٹی کے ممبر ہیں ،انکے پروڈکشن آڈر کیوں نہیں جاری کئے جارہے۔ جس پر چیئرمین کمیٹی کا کہنا تھاکہ پروڈکشن آڈر جاری کرنا سپیکر کا اختیار ہے میں اس میں کچھ نہیں کرسکتا۔بعد ازاں مسلم لیگ (ن) کے اراکین نے اجلاس کی کارروائی کا بائیکاٹ کرتے ہوئے واک آئوٹ کیا ۔ دوسری جانب عظمی بخاری نے سپیکر آفس سے پروڈکشن آڈر جاری نہ کرنے پر تحریری وضاحت مانگ لی ہے جس میں استفسارکیا گیا ۔اراکین اسمبلی کے پروڈکشن آڈرز کیوں جاری نہیں کئے جارہے ۔ کیا پنجاب اسمبلی سے منظور کئے گئے قانون میں ترمیم کر دی گئی ہے؟۔

ای پیپر دی نیشن