وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت نے گزشتہ دس ماہ کے دوران سماجی، اقتصادی اور انتظامی شعبوں میں مثالی اصلاحات متعارف کرائی ہیں۔ وہ آج اسلام آباد میں اطلاعات و نشریات کے بارے میں معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان سے گفتگو کررہے تھے۔ عمران خان نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے مشکلات حالات میں اقتدار سنبھالا اور ملک کے وسیع تر مفاد میں معاشی استحکام کیلئے مشکل فیصلے کئے۔
وزیراعظم نے کہا کہ مشکل معاشی حالات کے باوجود ہم نے ریاست مدینہ کے نمونے کو مدنظر رکھتے ہوئے معاشرے کے غیر محفوظ اور کمزور طبقوں کے تحفظ کیلئے اقدامات کئے۔ احساس پروگرام، پناہ گاہوں کی تعمیر، اپنی چھت نہ رکھنے والے افراد کو گھروں کی فراہمی کیلئے ہائوسنگ کا منصوبہ اور دوسرے فلاحی اقدامات عوام سے کئے گئے وعدے پورے کرنے کی جانب عملی اقدامات ہیں۔