ملتان (محمد نوید شاہ سے) مسلم لیگ ن پنجاب نے صوبہ بھر کے ضلعی اور سٹی صدور اور جنرل سیکرٹری صاحبان کے ناموں کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے تاہم ملتان ضلع و سٹی عہدیداروں کا تاحال اعلان نہیں کیا ہے ذرائع نے بتایا ہے کہ صوبہ بھر کے نئے عہدیداروں کی تعیناتیوں کے بعددیرینہ کارکنوں میں شدید تحفظات پیدا ہو گئے ہیں بعض کارکنوں نے لندن میں مرکزی قیادت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے ذرائع نے بتایا ہے کہ پنجاب کے موجودہ صدر رانا ثناء اللہ کے فیصلوں کو زمینی حقائق کے برعکس قرار دیا گیا ہے ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ جنوبی پنجاب میں ٹکٹ ہولڈریا سابق اراکین اسمبلی کو ترجیح دی گئی ہے تفصیل کے مطابق مسلم لیگ ن کی جانب سے گزشتہ روز صوبہ بھر کے ضلعی اور سٹی عہدیداروں کا باقاعدہ اعلان کر دیا گیا ہے اس حوالے سے ذرائع نے بتایا ہے کہ لیگی دیرینہ کارکنوں میں شدید قسم کے تحفظات بھی پیدا ہو گئے ہیں ذرائع کا کہنا ہے کہ لیگی کارکن خود نامزد نہ ہونے اور نظرانداز کئے جانے پر شدید مایوسی کا شکار ہو چکے ہیں ان ناراض لیگی کارکنوں نے لندن میں موجود مرکزی قیادت سے بھی رابطہ کا فیصلہ کیا ہے ان کارکنان نے خود کو نظرانداز کئے جانے جبکہ پنجاب میں اراکین اسمبلی کو ان تعینات و نامزد ہونے والے نئے عہدوں میں بھرپور انداز سے نمائندگی دے دی گئی ہے ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ اس بابت پنجاب کی صدارت رانا ثناء اللہ کو دئیے جانے پر بھی اب شکایات سامنے آرہی ہیں مسلم لیگ ن صوبہ بھر میں اپنے عہدیدار فائنل کر دئیے ہیں تاہم تاحال صرف ملتان ضلع اور سٹی کی صدارت اور جنرل سیکرٹری کے عہدوں کا اعلان نہیں کیا جا سکا ہے۔ذرائع نے بتایا ہے کہ ضلع و سٹی ملتان کے عہدیداروں کا اعلان آئندہ تین روز میں کیا جا سکتا ہے اب تک جن ناموں کو فائنل کیا گیا ہے اس کی ترتیب اور تفصیل درج ذیل ہے ضلع راولپنڈی میں ملک عمر فاروق صدر شوکت اقبال جنجوعہ جنرل سیکرٹری جبکہ شہر کیلئے محمدنسیم خان اور حاجی پرویز خان کو صدر اور جنرل سیکرٹری نامزد کیا گیا ہے ۔ساہیوال ضلع سے نیلم کامران اور نذر فرید شہر سے اکرام الحق اور نوید مشتاق ڈیرہ غازیخان ضلع سے مرزا تالپور اور ملک مصطفی ‘ شہر سے سید عبدالعلیم اور ظفر مستوئی راجن پور سے منور شاہ‘ کنول کمال اختر لیہ سے مہر اسلم سمرا اور ظفر اقبال مظفر گڑھ سے احمد یار ہنجرا اور فیاض موہانہ کو صدر اور جنرل سیکرٹری بنایا گیا ہے ۔