ملتان (سپیشل رپورٹر‘نیوز رپورٹر)ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔ حکومت بار بار ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کر کے غریب عوام کی زندگی سے کھیل رہی ہے ملک میں ادویات کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے خلاف کیمسٹ اور ڈرگ سٹور مالکان پھٹ پڑے ۔اس حوالے سے نوائے وقت کی جانب سے کئے گئے خصوصی سروے میں میڈیکل سٹور مالکان اور ہول سیل ڈیلرز حکومتی پالیسیوں سے سخت ناراض دکھائی دیئے۔ اس موقع پر پاکستان کیمسٹ اینڈ ڈرگسٹ ایسوسی ایشن کے ڈویژنل صدر محمد اختر بٹ نے کہا ایک طرف غریب آدمی کو سستی ادویات فراہم نہیں کی جارہی تو دوسری طرف آئے روز اضافے سے عام آدمی سے علاج معالجے کی سہولیات دور کی جارہی ہیں۔ انسانی زندگی بچانے والی ادویات کی قیمتوں میں ایک بار پھر دس فیصد اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کرنا غریب اور متوسط طبقے کے مریضوں کیلئے موت کا پروانہ جاری کرنے کے مترادف ہے پہلے بھی حکومت نے پندرہ فیصد اضافہ کی اجازت دی تھی جس کے فارما کمپنیوں نے تین سو فیصد تک کا اضافہ کر دیا جس پر وزیراعظم پاکستان اور چیرمین نیب نے نوٹس بھی لیا لیکن وہ نوٹس ھوا میں اڑ گیا اور کسی قسم کی کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔ میدیکل سٹور مالک حاجی سلیم، علی حسین صدیقی،آصف بٹ، عطااللہ،کاران حیدر، محمد جمیل،توقیر اسلم،عمران نواز ،بابر شہزاد نے کہا کہ کمپنیوں کی جانب سے اربوں کی لوٹ مار ہو چکی اور تسلسل سے جاری ہے کوئی پوچھنے والا نہیں جس پر سپریم کورٹ کو از خود نوٹس لے لینا چاہیے تھا ہم اب بھی اپیل کرتے ہیں کے موجودہ اضافے کا نوٹیفکیشن فی ا لفور منسوخ کرنے کے احکامات جاری کئے جائیں اور سابقہ لوٹ مار کرنے والوں کیخلاف کاروائی بھی کی جائے۔ملٹی نیشنل کمپنیوں کی طرف شارٹ میڈیسن مشروط طور پر سپلائی کرنا اور عوام کو لوٹنا معمول بن چکا ہے۔ اس موقع پر محمد نعمان محمد سلمان،مدثرکامران، ذیشان احمد نے کہا کہ ہسپتال میں ادویات کی عدم دستیابی ٹیسٹوں کی فیسوں میں اضافہ اور انسانی زندگی بچانے والی ادویات کی مارکیٹ میں قلت اور بلیک مارکیٹنگ پر بھی کوئی چیک اینڈ بیلنس نہیں ہمارا مطالبہ ہے کے غریب اور متوسط طبقے کو زندہ رہنے کے حق سے محروم نہ جائے اور مزید دس فیصد اضافے کا نوٹیفکیشن منسوخ کیا جائے اور سابقہ لوٹ مار کرنے والوں اور کروانے والوں کٹہرے میں لایا جائے ۔