پاکستان اولیمپئنز فورم کاہاکی کی سرگرمیوں بحال کرنے پر خیر مقدم

Jul 19, 2020

اسلام آباد (اسپورٹس رپورٹر) پاکستان اولیمپئنز فورم اینڈ ہاکی فیملی کے ترجمان اولیمپئن رائوسلیم ناظم نے انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن( آئی ایچ ایف) کی جانب سے دنیا میں ہاکی کی سرگرمیاں بحال کرنے پر خیر مقدم کیا ہے۔ گذشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دنیا میں کرونا وائرس کے باعث ملائیشیاء میں اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ، ایشیاء جونیئر کپ، عالمی کپ، اولمپک میں تمام ایونٹس معطل کر دیئے گئے تھے، پی ایچ ایف نے اولمپک گیمز میں اپنا ہاکی کے شیڈول کا بھی اعلان کر دیا ہے اور امید ہے دیگر ایونٹس کا بھی آئندہ چند دنوں میں اعلان کر دے گی، یہ اعلان کھلاڑیوں، آفیشلز اور فیڈریشن کے لئے خوش آئند ہے کہ کرونا وائرس کے باعث گھر میں بیٹھے کھلاڑی اب کھیل کے میدانوں میں اپنی تربیت کر سکیں گے، رائو سلیم ناظم نے کہا کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کو سرگرمیاں بحال ہونے پر پھر ایک بار کام کرنے کاموقع مل گیا ہے کہ نیا ٹیلنٹ تلاش کرے،کرونا وائرس کے باعث ہاکی کے 30کھلاڑیوں کوفی کس 30 ہزار روپے پینڈیمک الائونس دینے کے فیصلے کو رائو سلیم ناظم نے سراہتے ہوئے ہوئے کہا کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل آصف باجوہ کو یہ بھی بتانا چاہئے تھا کہ یہ رقوم کہاں سے آئی ہے یہ صرف کہنا مناسب نہیں تھا کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر برگیڈئیر (ر) خالد سجاد کھوکھر نے کھلاڑیوں کے لئے اعلان کیا ہے، انہوں نے کہا کہ اصل بات تو یہ تھی کہ کیا یہ رقوم حکومت پاکستان ، فیڈریشن کے صدر نے اپنی جیب یا کسی اور ادارے نے کرونا وائرس کے اس مشکل حالات میں کھلاڑیوں کی مدد کے لئے دی ہے، ہاکی فائیو کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہاکی فائیو اچھی بات ہے اور 2023 ء میں فائیو سائیڈ ہاکی ورلڈ کپ بھی ہونے جا رہا ہے تاہم جن ایونٹس میں ہم نے اعزار کی تیاری کرنی ہے وہ کب کریں گے، فائیو اے سائیڈ میں گرائونڈاور کھلاڑی بھی کم ہوتے ہیں ، اصل مسئلہ تو ہماری ایونٹس کے لئے تیاری کرنے کا ہے ، انہوں نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل آصف باجوہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ آصف باجوہ صاحب ہر کام میں کریڈٹ لینے کی تو کوشش کرتے ہیں لیکن ناکامیوں کی ذمہ داری بھی ان کو کھلے دل سے قبول کرنی چاہئے، انہوں نے مزید کہا کہ جب تک فیڈریشن میرٹ پر کام نہیں کرے گی تو اس وقت تک ملک میں ہاکی کا کھیل ترقی نہیں کر سکتی اور فیڈریشن میں میرٹ پر لوگوں کو آگے آنا چاہئے۔

مزیدخبریں