کراچی(پی پی آئی)کورونا کے باعث کراچی کے فٹنس سینٹرز بند ہونے سے ایتھلیٹس اور ٹرینرز سڑک پر آ گئے ہیں۔کورونا وائرس کی وباء کی وجہ سے دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی مختلف کھیلوں کے ایتھلیٹس، کھلاڑی اور ان سے وابستہ افراد شدید متاثر ہوئے ہیں۔اسی طرح ملک کو انٹرنیشنل میڈلز دلانے والا باڈی بلڈر ارشد جاوید گھر سے دربدر ہو گیا ہے جبکہ لاک ڈائون سے قبل جم چلانے والا تن ساز انیس ممتاز اب کراچی کی سڑکوں پر پنکچر لگا رہا ہے۔ باڈی بلڈر ارشد جاوید کا کہنا تھا کہ عید سر پر ہے بچوں کے لیے نئے کپڑے کیسے خریدیںکراچی لیول کے بیشتر ٹائٹلز جیتنے والے تن ساز انیس ممتاز کا کہنا تھا کہ کورونا کے باعث گھر میں فاقے ہونے لگے ہیں جم بھی بک گیا گھرُ چلانے کیلئے پنکچر لگانے پڑ رہے ہیں۔قومی تن سازوں نے مطالبہ کیا کہ پورے ملک میں ہیلتھ سینٹرز کھلے ہیں لیکن سندھ میں پابندی عائد ہے، اگر سندھ میں بازار،ٹرانسپورٹ کھل سکتے ہیں اور اب تو شادی ہالز کھولنے کی بات ہو رہی ہے تو ہیلتھ کلبز کو بھی کھولا جانا چاہئے تاکہ ان سے وابستہ افراد اپنے گھر کا چولھا جلا سکیں۔