اسلام آباد(خصوصی نمائندہ)ہیلتھ سیکٹر کے حوالے سے اپوزیشن کی پریس کانفرنس پروزیراعظم کے مشیر برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے ردعمل دیتے ہوئے کہاکہ ہیلتھ ریفارمز پی ٹی آئی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ پاکستان کا کووڈ19 کے حوالے سے ریسپانس اور تیاریاں دنیا میں بہترین رہیں۔ ہم نے جلد ہی اقدامات اٹھائے جس کی وجہ سے خطے میں ہمارا پہلا کیس تاخیر سے 26 فروری کو رپورٹ ہوا۔کیسز میں پھیلا ئو کے حوالے سے پاکستان میں کئی ممالک سے زیادہ تیزی سے کمی آئی۔ بروقت فیصلہ سازی اور اللہ کی رحمت سے ہم جلد ہی وبا کو کنٹرول کرنے کی پوزیشن میں آگئے۔ سمارٹ لاک ڈائون ایس او پیز پر عملدرآمد اور ٹی ٹی کیو کی حکمت عملی پر عملدرآمد کیا گیا۔ حکومت کی جانب سے سرکاری ہسپتالوں کو پرائیوٹائیز کرنے کے حوالے سے تمام خبریں من گھڑت ہیں۔ہسپتال حکومت سرپرستی میں ہی چلیں گے لیکن انتظامی امور اور بہتر فیصلہ سازی کے لیے لوکل مینجمنٹ کی خدمات لی جائیں گی۔ غریب مریضوں کو علاج کی فراہمی جاری رہے گی تاہم معیار پہلے سے بہتری کی جانب جائے گا۔پی ایم سی میں ریفارمز کے زریعے بیرون ملک سے تعلیم یافتہ ڈاکٹرز کے مسائل کو بھی حل کیا جائے گا۔اس حوالے سے بڑے فراڈز کی مثالیں موجود ہیں۔ فارن گریجویٹس کو مناسب پالیسی اور سکروٹنی کے بغیر لائسنس نہیں دینے چاہیں۔پاکستان میں موجودہ ہیلتھ سیکٹر میں مسائل کی ذمہ دار سابق حکومتوں کی پالیسیز ہیں۔ یہ دیکھ کر حیرانگی ہوتی ہے وہ ہی لوگ آج ہیلتھ سیکٹر میں ترقی کے چیمپئن بننے کی بات کرتے ہیں۔