لاہور(نیوز رپورٹر) وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز سے پی ٹی آئی سنٹرل پنجا ب کے صدر اعجازاحمد چوہدری کی ملاقات کے دوران ملکی سیاسی صورت سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر وزیر اطلاعات شبلی فراز اور اعجاز احمد چوہدری نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ شہباز شریف کی سیاہ کرتوتوں کا پردہ چاک ہو چکا ہے، ثابت ہوا کہ منظور پاپڑ والے کے اکاوئنٹ کو شہباز شریف نے اپنی دونمبری کے لیے استعمال کیا۔ شہباز شریف قوم کو جواب دیں اور اپنے وعدے کے مطابق سیاست چھوڑ دیں۔ ٹی ٹی شریف کی دھیلے کی نہیں بلکہ اربوں ڈالر کی کرپشن پکڑی جاچکی ہے، (ن) لیگ کے تنخواہ دار ترجمان جھوٹ بول کرقوم کو گمراہ نہیں کرسکتے۔ انھوں نے کہاکہ کرپشن میں لتھڑی ہوئی اپوزیشن کی اٹھک بیٹھک سے حکومت کو کوئی فرق نہیں پڑنے والا۔ حکومت گرانے کا ایجنڈہ دیوانے کا خواب ہے حکومت اپنی آئینی مد ت پوری کرے گی، پی ٹی آئی کی حکومت (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی کی سابقہ کرپشن کی وجہ سے مشکلات کی دلدل میں دھنسے ہوئے اپنے ملک کو بھی ریسکیو کر رہے ہیں لیکن اپوزیشن کو اس سے بھی پریشانی لا حق ہو گئی ہے۔ اپوزیشن کی قسمت میں رونا دھونا لکھا جا چکا ہے، عوام ان بہروپیوں کے سیاستی ڈھونگ میں نہیں آئیں گے یہ سب اپنی سیاست کی ڈوبتی ناؤ کو بچانے کیلئے کوشاں ہے، عوام اب با شعور ہو چکے ہیں وہ ملک کا خون چوسنے والوں کے شور شرابے پر کان نہیں دھریں گی انکی چیخ وپکار صرف لوٹے ہوئے مال کو بچانے کے لیے ہے، مسترد شدہ ٹولے کے پاس سیاسی منجن بیچنے کے سوا کچھ نہیں بچا، انہوں نے کہاکہ(ن) لیگ اور پیپلز پارٹی مل کر بھی وزیراعظم عمران خان کا مقابلہ نہیں کر سکتی، نام نہاد اپوزیشن ٹولہ اپنی بقاکی جنگ لڑرہا ہے، وزیراعظم کی قیادت میں وفاق، پنجاب اور خیبر پختونخوا میں مثالی حکومت اور بہترین گورننس کے اہداف کی جانب پیش قدمی جاری رکھے ہوئے ہے، موجود حکومت ماضی کے کرپٹ حکمرانوں کی غلطیوں کا اذالہ کررہی ہے بعدازں اعجازاحمدچوہدری سے پارٹی سیکرٹریٹ میں ضلعی صدر سرور شاہ کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی اس موقع پر رکن پنجاب اسمبلی ثانیہ کامران اور روبینہ شاہین بھی موجود تھیں۔
اعجاز چودھری کی ملاقات، رونا دھونا اپوزیشن کی قسمت میں لکھا جا چکا: شبلی فراز
Jul 19, 2020