لاہور (سٹاف رپورٹر+ نامہ نگار) پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن پارٹنرز کے احتجاجی مظاہرے۔ مال روڈ میدان جنگ بنا رہا۔ پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے لاٹھی چارج کیا۔ مظاہرین نے وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ چڑھائی کی کوشش کی۔ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان کی لاہور آمد کے موقع پر پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے پارٹنر سکولوں کے اساتذہ اور ملازمین نے وزیر سکول ایجوکیشن مراد راس کے خلاف پہلے زمان پارک میں احتجاج کیا جہاں پولیس نے 80 کے قریب مظاہرین کو گرفتار کرلیا۔ بعد ازاں مظاہرین وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ کے سامنے پہنچنے کے لئے مال روڈ پر پہنچے تو پولیس نے دھاوا بول دیا۔ مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے لاٹھی چارج بھی کیا گیا۔ کئی کی حالت غیر ہو گئی۔ مظاہرین نے کہا ہمارے گھروں میں فاقے ہیں۔ 4 ماہ سے پیف کے سکولوں کو فنڈز نہیں جاری کئے جارہے۔ رات گئے مظاہرین کے انتظامیہ سے مذاکرات ہوئے۔ نامہ نگار کے مطابق سی سی پی او لاہور ذوالفقار حمید کی زیر صدارت پنجاب ایجوکیشن فاونڈیشن پارٹنرز اور ایم ڈی پیف ندیم سرور کے درمیان مذاکرات تقریباً دو گھنٹے ہوئے۔ اس موقع پر ڈی آئی جی آپریشنز اشفاق خان، ڈی سی لاہور، پیف پارٹنرز، سی ای او ایجوکیشن لاہور، ایس ایس پی آپریشنز فیصل شہزاد، ایس پی سیکیورٹی بلال ظفر اور اے سی سٹی تبریز مری نے بھی شرکت کی، پنجاب ایجوکیشن فاونڈیشن پارٹنرز نے ایم ڈی پیف ندیم سرور کو اپنے تحفظات اور مطالبات بارے آگاہ کیا۔ جس پر ایم ڈی پیف ندیم سرور نے پیف پارٹنرز کو جائز مطالبات کی تکمیل کی یقین دہانی کرائی ہے۔ جس پر احتجاج ختم کر دیا گیا۔