آزادکشمیر کے گلگت بلتستان کا سٹیٹس تبدیل کرنے کی کوششیں ناکام بنائینگے : سراج الحق

لاہور، اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار، خصوصی نمائندہ) جماعت اسلامی امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں مسلم آبادی اکثریتی آبادی کو اقلیت میں تبدیل کر کے اسلام آباد کے خلاف حکمت عملی بنا رہا ہے، پاک فوج سے عوام اس لیے محبت کرتے ہیں کہ وہ کشمیر کی آزادی اور ملک کی سرحدوں کی محافظ ہیں، سراج الحق نے خبردار کیا ہے کہ نئی ترامیم کے ذریعے آزادکشمیر اور گلگت بلتستان کا سٹیٹس تبدیل کرنے کی کوشش خطرناک ہوں گی، ہم ایسی کوششیں کامیاب نہیں ہونے دیں گے، نریندرمودی نے دفعہ 370 اور 35Aختم کر کے جو کام کیا اس طرح کا اقدام یہاں نہیں ہونا چاہیے۔ سینیٹر سراج الحق ہفتے کے روز جماعت اسلامی آزادکشمیر کے نومنتخب امیر ڈاکٹر خالد محمود خان کی تقریب حلف برداری سے خطاب کررہے تھے، جماعت اسلامی آزادکشمیر کے مرکز کھنہ پل میں تقریب حلف برداری میں جماعت اسلامی آزادکشمیر کے سابق امراء عبدالرشید ترابی، سردار اعجا زافضل خان، جماعت اسلامی پاکستان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل اظہر اقبال حسن، تحریک حریت کے کنونیئر غلام محمد صفی، جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر کے راہنما غلام نبی نوشہری سمیت دیگر شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب سے عبدالرشید ترابی، اعجاز افضل خان، راجہ فاضل حسین تبسم، غلام محمد صفی سمیت دیگر قائدین نے خطاب کیا۔ حکومت پاکستان کشمیر کی آزادی کے لیے اقدامات کرے۔ کشمیر کی آزادی کے لیے آخری کشمیری کے مرنے کا انتظار نہ کیا جائے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے قومی ایکشن پلان دیا جائے، جنگی جرائم کی عالمی عدالت بھارت کے خلاف مقدمہ دائر کیا جائے، سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ آخرکب تک ہم کشمیر میں ظلم و جبر نہتے شہریوں کے قتل عام پر دوچار الفاظ میں مذمت،قومی اسمبلی میں فاتحہ خوانی کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم نے یو این او میں تقریر کی اس کے علاوہ کوئی خاص اقدام نہیں ہوا، جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر کے امیر ڈاکٹر عبدالحمید فیاض سمیت 400سے زائد جماعت اسلامی کے کارکنان جیلوں میں ہیں۔ مقبوضہ کشمیر کے عوام نے کشمیر کی آزادی کے لیے عظیم الشان قربانیاں دی ہیں۔ ان قربانیوں کا تقاضا ہے کہ اب ہم بھی اپنا کردار ادا کریں انہوں نے کہاکہ ہم شہداء کشمیر کے خون سے بے وفائی نہیں ہونے دیں گے، کشمیر کی آزادی کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...