اسلام آباد (این این آئی)اسلام آباد نیٹ بال ایسوسی ایشن کے صدر جبران الزمان نے کہا ہے کہ ملک میں گراس روٹ سطح پر اکیڈمیز کے قیام کے بغیر کھیلوں کی ترقی نا ممکن ہے۔ خصوصی گفتگو میں انہوں نے کہا کہ کھیلوں میں گراس روٹ سطح پر اکیڈمیز نرسری کا کام دیتی ہیں جن کے قیام کی ملک میں اشد ضرورت ہے اور ان اکیڈمیزمیں کم عمر سے ہی بچے کو تعلیمی کے ساتھ، ساتھ کھیلوں کی تربیت دی جانی چاہئے ۔ ایک سوال کے جواب میں جبران الزمان نے کہا کہ پاکستانی کھلاڑی کسی سے کم نہیں اور ہمارے پاس کھیلوں میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے لیکن سہولیات کی کمی کے باعث یہ ٹیلنٹ ضائع ہونے کا خدشہ ہے ، حکومت اور سپانسر کی طرف سے کرکٹ کی طرح دیگر کھیلوں پر توجہ دینے کی ضرورت ہے، انہوں نے کہا کہ صحت مند معاشرے کی تشکیل کے لئے کھیلوں کا انعقاد بے حدضروری ہے ، حکومت کو تحصیل اور ضلعی سطح پر کھیلوں کے میدان زیادہ سے زیادہ بنانے ہونگے جس میں عام آدمی کو بھی سہولیات فراہم کرنی چاہئے تاکہ اس طرح سے صحت مند معاشرے کا جنم ہو سکے اور اس سے صحت پر بھی بجٹ کم خرچ ہوگا، انہوں نے کہا کہ جس جگہ کھیلوں کے میدان آباد ہونگے اور وہاں کے ہسپتال ویران ہونگے،جبران الزمان نے کہا کہ حکومت تعلیمی اداروں میں کھیلوں کے انعقاد کو یقینی بنائے اور تعلیمی اداروں میں کئی سالوں سے کھیلوں کا انعقاد باقاعدگی سے نہیں ہو رہا ہے۔