اسلام آباد (این این آئی) پاکستان اتھلیٹکس فیڈریشن کے صدر میجرجنرل(ر) محمد اکرم ساہی نے کہا ہے کہ ملک میں اتھلیٹکس کے فروغ کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے اور اس کے ساتھ، ساتھ فیڈریشن خواتین ونگ کو بھی مضبوظ بنائے گی۔خصوصی گفتگو میں انہوں نے کہا کہ ملک میں اتھلیٹکس کے ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے بلکہ وسائل کی کمی ضرور ہے اور کھلاڑیوں کو انٹرنیشنل سطح کی سہولیات بھی فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ گذشتہ برس دنیا میں کرونا وائرس کے باعث تمام کھیلوں کی سرگرمیاں معطل ہوکر رہ گئی تھیں اور ہمارے بھی کھیلوں کے میدان غیر آباد ہوگئے تھے اور اب کافی حد تک اس کرونا وائرس کی وبا ء پر قابو پایا جا چکا ہے اور پاکستان اتھلیٹکس فیڈریشن نے بھی روواں سال ستمبر اور اکتوبر میں د و نیشنل ایونٹ منعقد کروانے کی منصوبہ بندی تیار کر لی ہے جس کی منظوری گذشتہ دنوں لاہور میں منعقد ہونے والے پاکستان اتھلیٹکس فیڈریشن کی جنرل کونسل کے اجلاس میں دی گئی، اجلاس میں پاکستان اتھلیٹکس فیڈریشن سے منسلک تمام متعلقہ اداروں اور ایسوسی ایشنز کے ممبران نے شرکت کی، انہوں نے کہا کہ پاکستان اتھلیٹکس فیڈریشن کے زیراہتمام 5 ویں قومی یوتھ اینڈ جونیئر اتھلیٹکس چمپئن شپ ستمبر میں جبکہ 50 ویں قومی اتھلیٹکس چمپئن شپ اکتوبر میں کھیلی جائے گی،پاکستان آرمی کے کھلاڑی مینز اور پاکستان واپڈا کے کھلاڑی ویمن ایونٹ میں اپنے ٹائٹل کے اعزاز کا دفاع کریں گے۔ ان ٹورنامنٹس میں مختلف ایونٹس رکھے گئے ہیں جن میں ڈیسک تھرو(تالی) ،رکاوٹی دوڑ، ہائی جمپ،لونگ جمپ، شاٹ پٹ، ٹرپل جمپ، جیولین تھرو، پال والٹ، ریلے، میراتھن، دوڑ، ہیمرتھر و کے علاوہ ریس کے مختلف مقابلے شامل ہیں۔ان مقابلوں میں پاکستان آرمی، پاکستان نیوی ،پاکستان ایئرفورس، پاکستان واپڈا، پاکستان ریلوے، پاکستان پولیس، ہائرایجوکیشن کمیشن، پنجاب، بلوچستان ، سندھ، خیبرپختونخواہ، اسلام آباد،، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کی ٹیموں کے مرد اور خواتین شرکت کریں گے، انہوں نے کہا کہ6 رکنی اتھلیٹس کمیشن میں ارشد ندیم اور رابعہ عاشق کو شامل کیا گیا جبکہ میجر جنرل پروفیسر ڈاکٹر طارق محمود ستی کو چیئرمین میڈیکل اینڈ ہیلتھ کمیشن،بریگیڈیئر (ر) غضنفر علی کو چیئرمین لیگل کمیشن اوربریگیڈیئر (ر) سلطان محمود ستی کو چیئرمین پروموشن اینڈ ڈویلپمنٹ کمیشن منتخب کیا گیا ہے ، خواتین میں ٹیلنٹ کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں میجر جنرل اکرم ساہی نے کہا کہ ہماری خواتین کھلاڑی کسی سے کم نہیں بلکہ سہولیات فراہم کرنے کی ضرورت ہے اور ہماری خواتین کھلاڑیوں نے بین الاقوامی سطح پر کئی میڈلز حاصل کر رکھے ہیں ، انہوں نے کہا کہ خواتین کے شعبہ کو مزید فعال بنانے کے لئے پاکستان ویمن اتھلیٹکس ایسوسی ایشن کے آئندہ چار برس کے لئے عہدیداروں کا انتخاب کیا گیا ہے، جس کی شاہدہ خانم اور عابدہ تنویر بالترتیب صدر اور سیکرٹری ہونگے جبکہ شاہینہ استیاق کو خزانچی مقرر کیا گیا ہے، گراس روٹ سطح پر اتھلیٹکس کے فروغ کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ تعلیمی ادارے ملک میں گراس روٹ سطح پر نرسری کا کردار ادا کرتے ہیں اور تعلیمی اداروں کے مقابلوں میں اچھی کارکردگی دکھانے والے لڑکے اور لڑکیوں کو فیڈریشن تربیتی کیمپ میں شامل کرکے ان کو اعلیٰ اور جدید تربیت دیتی ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان اتھلیٹکس فیڈریشن سال میں دو سے تین کوچنگ اینڈریفریز کے کورسز کا انعقاد کرتی ہے ابھی گذشتہ ماہ جون میں اسلام آباد میں کورس کا انعقاد کیا گیا جس میں ملک بھر سے 25 کھلاڑی، کوچز اورریفریز نے شرکت کی اور یہ کورس بہت کامیاب ہوا۔
اتھلیٹکس کے فروغ کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے ،میجرجنرل اکرم ساہی
Jul 19, 2021