لاہور (نیوز رپورٹر) معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان بین الاقوامی لیڈر شپ کے سامنے قومی مفادات اور کشمیر یوں کا مقدمہ جرات سے لڑ رہے ہیں۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قوم نے بھاری قیمت ادا کی۔ عمران خان دنیا کو واپس اپنے قومی مفاد پر مائل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ عمران خان آنے والی نسل کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ پر امن افغانستان، استحکام پاکستان کیلئے اشد ضروری ہے۔ ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کو افغانستان کے ذریعے پاکستان کو غیر مستحکم بنانے کی اجازت نہیں دینگے اور ان کی ساری کوششوں کو ایک ایک کرکے ناکام بنائیں گے۔ وزیر اعظم عمران خان کے ایک جلسہ نے کشمیر کے الیکشن کا پانسہ پلٹ کررکھ دیا۔ عمران خان نے مظلوم کشمیریوں کی جنگ جرات اور بہادری سے لڑی اور کشمیر کے شہدائ، غازیوں، اسیروں اور مصیت زدہ کشمیریوں کا مقدمہ کامیابی سے لڑ رہے ہیں۔ کشمیر میں پی ٹی آئی ووٹ کی پرچی کی طاقت سے حکومت بنانے جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مریم کے بیانیے کو ہندوستان کا میڈیا افواج پاکستان کے خلاف استعمال کررہا ہے۔ حساس مسئلہ کو سمجھتے ہوئے جعلی راجکماری غیر ذمہ دارانہ بیانات سے باز رہے۔ 25جولائی کو کشمیر اپنی ترقی اور خوشحالی پر مہر لگانے جارہے ہیں۔