عمان (صباح نیوز)اردن کی شاہی کمیٹی برائے القدس نے کہا ہے کہ قبلہ اول پریہودیوں کے دھاوے خطے کوجنگ میں جھونکنے دانستہ کوشش ہے۔شاہی کمیٹی کے القدس امور کے سربراہ عبداللہ کنعان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ فلسطینی اور مسیحی مقدسات پر یہودی آباد کاروں کے دھاوے کھلی اشتعال انگیزی، خطے کو دانستہ طورپر جنگ میں جھونکنے کی سوچی سمجھی سازش، پوری دنیا بالخصوص مشرق وسطیٰ کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی مجرمانہ کوشش ہے ۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق عبداللہ کنعان نے ایک بیان میں کہا کہ مزعومہ ہیکل سلیمانی کی پرچارک تنظیموں جن کی تعداد 80 سے زا ئد ہے نے مشترکہ طور پر مسجد اقصیٰ پر دھاوے بولنے اور تلمودی تعلیمات کے مطابق مذہبی رسومات ادا کرنے کی اپیل کی ہے۔ا نہوں نے کہا کہ مسلمانوں کے ایک اہم مذہبی موقع پر انتہا پسند یہودیوں کی طرف سے قبلہ اول پر یلغار کی اپیل ایک سوچی سمجھی سازش اور خطے کو ایک نئی جنگ میں دھکیلنے کی کوشش ہے۔انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی آئینی ادارے، عالمی برادری اور عالمی جمہوری اداروں کے سامنے مسلمانوں کے تیسرے مقدس ترین مذہبی مقام کے تقدس کو اعلانیہ پامال کیا جا رہا ہے۔
قبلہ اول پریہودیوں کے دھاوے خطے کوجنگ میں جھونکنے کی دانستہ کوشش : اردن
Jul 19, 2021