پاکستان چین داسو ڈیم منصوبہ مکمل کرنے کیلئے پرعزم‘ کام جلد شروع ہو گا: دفتر خارجہ

Jul 19, 2021

اسلام آباد (نامہ نگار) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا چینی سفیر نونگ رونگ کے ہمراہ سی ایم ایچ راولپنڈی کا دورہ، داسو واقعہ میں زخمی ہو نے والے چینی شہریوں کی  عیادت کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے چین کے سفیر نونگ رونگ کے ہمراہ سی ایم ایچ راولپنڈی کا دورہ کیا۔ وزیر خارجہ نے داسو حادثے میں زخمی ہو نے والے چینی شہریوں کی عیادت کی اور ان کی جلد صحتیابی کی دعا کی۔ داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ پر کام کرنے والے پاکستانی کارکنوں کی ملازمت کے معاہدوں کی منسوخی کے حوالے سے میڈیا نمائندوں کے سوالات کے جواب میں دفتر خارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ چوہدری نے وضاحتی بیان میں کہا ہے  چین کی تعمیراتی کمپنی نے کہا ہے  داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ پر کام کرنے والے پاکستانی کارکنوں کی ملازمت کے معاہدوں کی تنسیخ کے حوالہ سے قبل ازیں جاری کردہ نوٹیفکیشن منسوخ ہو چکا ہے۔ منصوبہ پر تعمیراتی کام کا جلد دوبارہ آغاز کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ سمیت چین کے اشتراک سے جاری دیگر ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کیلئے پرعزم ہیں۔ ترجمان واپڈا کے مطابق داسو واقعے کے بعد چینی کمپنی نے پاکستانی ملازمین کو نکالنے کا نوٹس واپس لے لیا ہے۔ چینی کمپنی عنقریب داسو پراجیکٹ پر تعمیراتی کام دوبارہ شروع کریگی۔ ترجمان واپڈا کے مطابق پراجیکٹ پرکام کی بندش کا مقصد حفاظتی اقدامات کو ازسرنو منظم کرنا تھا۔ دریں اثناء ترجمان وزارت خارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے داسو حادثے کی تحقیقات میں معاونت کی فراہمی کے لئے پاکستان کا دورہ کرنے والے چینی وفد سے متعلق میڈیا کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ 15 رکنی چینی وفد14 جولائی 2021ء کو داسو کے افسوسناک واقعے کی تحقیقات کے سلسلے میں اس وقت پاکستان کے دورے پر ہے۔ وفد نے وزارت امور خارجہ میں تمام متعلقہ سٹیک ہولڈرز کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔ پاکستان کی طرف سے سیکرٹری داخلہ جبکہ چین کی طرف سے عزت مآب سفیر نے قیادت کی۔ اجلاس کے بعد چینی وفد نے ’سی۔ایم۔ایچ‘ راولپنڈی میں زخمی چینی باشندوں کی عیادت کی۔

مزیدخبریں