جہلم (آئی این پی ) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ داسو میں پیش آنے والے واقعے کے بعد چینی کمپنی نے کام کی رفتار پہلے سے زیادہ تیز کر دی۔ اتوار کو جہلم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ داسو ڈیم واقعہ انتہائی افسوسناک ہے۔ دشمن سمجھتے ہیں ایسی کارروائیوں سے ڈیم منصوبے پرکام بند ہوجائے گا تو وہ غلط ہیں کیونکہ ایسے واقعات سے پاک چین تعلقات متاثر نہیں ہوسکتے۔ انہوں نے بتایا کہ چینی کمپنی نیداسو ڈیم پرکام کی رفتار پہلے سے زیادہ تیزکر دی ہے۔ پاک چین دشمنوں کویہ پیغام ہے ہم نئے عزم سے کام کریں گے۔ داسو ڈیم پاک چین دوستی کا ایک مظہر ثابت ہوگا۔ وفاقی وزیر نے بتایا کہ افغان سفیرکی بیٹی کے ساتھ پیش آنے والے واقعے کا مقدمہ درج کیا جا چکا ہے۔ ٹیکسی ڈرائیور حراست میں ہے۔ جس سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔ افغان ایمبیسی بھی تفتیش میں تعاون کر رہی ہے۔