لاہور (خصوصی رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے ملک میں صنعتوں اور سی این جی کے شعبے کو گیس کی فراہمی کی مکمل بندش پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ مہینے سے بجلی اور گیس کی لامتناہی لوڈ شیڈنگ کا افسوسناک سلسلہ جاری ہے۔ گرمیوں میں گیس کی لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے جو بدانتظامی کی انتہا ہے۔گیس اور بجلی کی لوڈشیڈنگ کی بنیادی وجہ وزیراعظم اور اس کی کابینہ ہے۔ اتوار کو بیان میں انہوں نے کہاکہ ملک میں اضافی بجلی موجود ہونے کے باوجود بجلی کی بد ترین لوڈ شیڈنگ جاری ہے۔ اس سے بھیانک بدانتظامی اور کیا ہوسکتی ہے؟۔ حالات و واقعات نے پی ٹی آئی کے اس دعوے کو جھوٹ ثابت کر دیا کہ مسلم لیگ (ن) نے زیادہ بجلی بنادی۔ وقت نے ثابت کیا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ملکی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے بجلی کی پیداواری صلاحیت بڑھائی۔ انہوں نے کہا کہ گیس اور بجلی کی لوڈشیڈنگ کے پیچھے پی ٹی آئی کی دولت کمانے کی ہوس اور بدترین نااہلی ہے۔ مقامی صنعت اور سی این جی کے شعبے کو گیس کی مکمل بندش قوم کے لئے ایک اور بری خبر ہے۔ قائد حزب اختلاف نے کہاکہ پی ٹی آئی کی ہوس زر کا خمیازہ صنعت اور سی این جی مالکان کو اربوں روپے کے نقصان کی صورت بھگتنا پڑ رہا ہے۔ بدترین مہنگائی، بے روزگاری، تباہ حال معیشت میں گیس کی لوڈشیڈنگ عوام کی زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے۔ حکومت بحران پر قومی اسمبلی میں بحث کرائے تاکہ اس مسئلے کا کوئی حل نکلنے سے عوام کو ریلیف مل سکے۔ دریں اثناء اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہاکہ افغان سفیر کی صاحبزادی کا اسلام آباد سے اغوا ملک میں امن و امان کی بگڑتی صورتحال کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ افسوسناک واقعہ سے پاکستان کا عالمی سطح پر وقار مجروح ہوا ہے جس کی تفصیلی تحقیقات کی ضرورت ہے۔ سفیر صاحب اور ان کے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔
بجلی ، گیس کی لوڈ شیڈنگ نا اہلی کی انتہا ، وجہ وزیراعظم: شہباز شریف
Jul 19, 2021