مترو(نمائندہ نوائے وقت) تھانہ مترو کے علاقہ شتاب گڑھ میں جاگیردار آفتاب خان کھچی کے بیٹے سابق ایم پی اے جاوید خان کچھی کے بھتیجے سابق یو سی ناظم خالد خان کچھی نے اپنی خود ساختہ عدالت لگا لی۔ خاتون اور مرد پر ناجائز تعلقات کے شک کے الزام پر زمیندار کی نوکرانی شازیہ بی بی اور اس کے مبینہ عاشق اعجاز شاہ کے سر کے بال اور بھنوئیں نائی سے منڈوا دیں۔ ملزم جاگیردار خالد خان کچھی کو گرفتار کرلیا گیا۔تفصیل کے مطابق مترو کے نواحی علاقہ کھچی اسٹیٹ شتاب گڑھ کی رہائشی خاتون شازیہ مائی زوجہ ظہور احمد ذات ہانس جوکہ زمیندار محمد نواز کچھی کے گھر کام کاج کی ملازمت کرتی تھی۔ 14 جولائی کوکام سے فارغ ہو کر ماکھا دیندار کے گھر اپنے عاشق اعجاز شاہ سے ملنے کے لیے گئی تو وہاں پر اللہ دتہ ولد گہنہ۔شکیل ولد صدیق۔ فاروق ولد احمد بخش جو کہ شتاب گڑھ کے رہائشی ہیں۔مانگا دیندار کے گھر آگئے جنہوں نے شازیہ مائی اور اعجاز شاہ کو زبردستی پکڑ کر مقامی زمیندار آفتاب خان کھچی کے ڈیرہ پر لے گئے جہاں پر جاگیردار آفتاب کھچی کے بیٹے سابق ناظم خالد خان کھچی نے رات کے وقت ہی اپنی عدالت لگادی اور ملزمان اور دیگر نوکروں کی موجودگی میں حکم صادر فرمایا اور مقامی نائی عاشق حسین کے بیٹے حجام کو بلوا کر شازیہ مائی اور اعجاز شاہ کے سر کے بال اور بھنویں مونڈوا دیں اور دونوں کو دھمکی دی کہ اگر کاروائی کی تو جان سے مار دیں گے اور ان کے گھروں پر بھی پہرہ بٹھا دیا جس پر دونوں نے زبان بند رکھی بعد ازاں 3. روز بعد اہل علاقہ کو وقوعہ بارے علم ہوا تو انہوں نے 15پر کال کردی جس پر ایس ایچ او مترو شوکت خان بلوچ بھاری نفری کے ہمراہ شتاب گڑھ پہنچ گیا اور وقوعہ کی مکمل تصدیق کی اور اسکے بعد شازیہ مائی اور اسکے خاوند ظہور احمد کو تھانہ مترو لے آئے اور شازیہ مائی کے بیان پر ملزمان کے خلاف دفعہ 342.337V .354 کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے پنچائیت کے مرکزی ملزم سابق یو سی ناظم خالد خان کھچی کو گرفتار کر کے پابند سلاسل کر دیا۔ ایس ایچ او تھانہ مترو شوکت خان بلوچ نے میڈیا کو بتایا کہ ملزمان کے خلاف قانون کے مطابق کاروائی کی گئی ہے۔ان کے ساتھ کوئی رعائیت نہیں برتی جائے گی دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیئے مترو پولیس چھاپے مار رہی ہے بہت جلد وہ بھی پکڑے جائیں گے۔