اسلام آباد: وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے ایف اے ٹی ایف میں پاکستان کو گرے لسٹ میں رکھنے کیلئے بھارت کے کردار کی شدید مذمت کی ہے جبکہ یہ اقدام بھارت کے پاکستان کے خلاف سازش کے اعتراف کے بعد سامنے آیا۔
تفصیلات کے مطابق بھارت نے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) میں پاکستان کے خلاف سازش کرنے کا اعتراف کیا ہے۔ بھارتی وزیرخارجہ جے شنکر نے کہا کہ بھارت نے یقینی بنایا کہ پاکستان گرے لسٹ سے نہ نکل سکے۔
دوسری جانب پاکستان کئی مرتبہ یہ بیان جاری کرچکا ہے کہ ایف اے ٹی ایف جیسے فورمز کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال نہیں کیا جانا چاہئے۔ ایف اے ٹی ایف کی پاکستان کے خلاف متضاد پالیسی عالمی سطح پر بے نقاب ہوگئی۔
فنانشل ایکشن ٹاسک فورس نے بھارت کی سازشوں کو مسترد کرنے کی بجائے 78 فیصد سفارشات پر عملدرآمد کے باوجود پاکستان کو گرے لسٹ میں برقرار رکھا ہے۔ روس کا عملدرآمد 63 فیصد ہے، اس کے باوجود یہ ملک وائٹ لسٹ میں ہے۔
اردن صرف 48 فیصد سفارشات پر عملدرآمد سے وائٹ لسٹ پر موجود ہے۔ سری لنکا نے بھی ایف اے ٹی ایف کی 22.5فیصد سفارشات پر عمل نہیں کیا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت فیٹف کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کررہا ہے۔
ایف اے ٹی ایف میں بھارت کے کردار کی مذمت کرتے ہوئے وزیرِ خارجہ نے کہا کہ عالمی تنظیم کے ساتھ یہ معاملہ پہلے بھی اٹھا چکے ہیں۔ پاکستان امن عمل میں شراکت دار ہے۔ افغانستان کا ایک چھوٹا سا طبقہ پاکستان میں کانفرنس کا انعقاد نہیں چاہتا۔
وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت بھی یہ چاہتا ہے کہ افغان امن کانفرنس پاکستان میں نہ ہو۔ بھارت معاملات کو بگاڑنے کی کوشش کر رہا ہے۔ایف اے ٹی ایف جیسے تکنیکی فورم کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کیا جارہا ہے۔
خیال رہے کہ اِس سے قبل وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ایف اے ٹی ایف تکنیکی فورم ہے جسے سیاسی مقاصد کیلئے استعمال نہیں ہونا چاہیے۔ ہم اپنے مفاد کے پیش نظر، منی لانڈرنگ اور دہشتگردی کی مالی معاونت کو روکنے کیلئے آگے بڑھتے رہیں گے۔
گزشتہ ماہ ایف اے ٹی ایف،افغانستان کی صورتحال اور جنوبی پنجاب سیکریٹیریٹ کے حوالے سے اپنے بیان میں وزیر خارجہ نے کہا کہ میں نے ایف اے ٹی ایف کے حوالے سے اپنا مؤقف پوری قوم کے سامنے پیش کر دیا ہے۔