اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ بھارتی بیان نے اس کی اصلیت عیاں کر دی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے اپنے جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ ایف اے ٹی ایف میں بھارتی منفی کردار سے متعلق پاکستان کے مؤقف کو درست ثابت کیا اور بھارت ایف اے ٹی ایف کو سیاست کا شکار کر کے اس کے کردار کو گھٹا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی بیان اہم تکنیکی فارم کو تنگ نظر سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرنے کو ثابت کرتا ہے۔ ایکشن پلان پر عمل کے دوران پاکستان تعمیری انداز میں ایف اے ٹی ایف سے رابطے میں ہے۔
ترجمان نے کہا کہ پاکستان کی پیشرفت پر بھارت بھونڈے ذرائع سے شک ظاہر کرنے کا ہر ممکن طریقہ اختیار کرتا ہے جبکہ ماضی میں پاکستان بار بار بھارت کے نقلی کردار کو عالمی برادری کے سامنے لاتا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کے حالیہ اعتراف کو بھی ایف اے ٹی ایف کے نوٹس میں لایا جائے گا اور پاکستان مناسب ایکشن کے لیے صدر ایف اے ٹی ایف سے رابطے پر غور کر رہا ہے۔
ایف اے ٹی ایف کے معاملے پر بات کرتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ہم ایف اے ٹی ایف پر زور دیتے ہیں کہ اس معاملے کو دیکھے جبکہ پاکستان کی اینٹی منی لانڈرنگ اور سی ایف ٹی سے متعلق پیشرفت ایف اے ٹی ایف نے تسلیم کیا۔انہوں نے کہا کہ دھوکے بازی سے پاکستان پر دباؤ َڈالنے کی بھارتی کوشش ہمیشہ ناکام رہی ہے۔
واضح رہے کہ بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر نے اعتراف کیا ہے کہ بھارت کی کوشش سے پاکستان فیٹف کی گرے لسٹ میں رہا اور ہماری ہی کوششوں سے پاکستان ایف اے ٹی ایف کے ریڈار پر آیا تھا۔