قومی یکجہتی کے فروغ میں ذرائع ابلاغ کا کردار بہت اہمیت کا حامل ہے، شاہیرہ شاہد  

Jul 19, 2022

اسلام آباد(نا مہ نگار)وفاقی سیکرٹری اطلاعات و نشریات شاہیرہ شاہد نے کہا ہے کہ قومی یکجہتی کے فروغ میں ذرائع ابلاغ کا کردار بہت اہمیت کا حامل ہے،وزارت اطلاعات کا ذرائع ابلاغ سے گہرا رشتہ استوار ہے ، وزارت اطلاعات کے زیراہتمام 75ویں یوم آزادی کی مناسبت سے تقریبات کا شایان شان طریقے سے انعقاد کیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یہاں انفارمیشن سروس اکیڈمی میںقومی یکجہتی کے فروغ میں ذرائع ابلاغ کا کردار کے موضوع پر منعقدہ مباحثے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں وزارت اطلاعات و نشریات اور ذیلی اداروں کے افسران نے شرکت کی۔اس موقع پر انفارمیشن سروس اکیڈمی کے ڈائریکٹر جنرل ،سابق وفاقی سیکرٹری اطلاعات اشفاق احمد گوندل کے علاوہ وزارت کے سینئر حکام بھی موجود تھے۔سیکرٹری اطلاعات شاہیرہ شاہد نے کہا کہ وزارت اطلاعات کا ذرائع ابلاغ سے گہرا تعلق اور رشتہ استوار ہے اور پاکستان کے 75ویں یوم آزادی کی مناسبت سے وزارت نے بہت سی تقریبات کا اہتمام کیا ہے۔ انفارمیشن سروس اکیڈمی نے قومی یکجہتی کے فروغ میں ذرائع ابلاغ کے کردار کے حوالے سے اہم مباحثے کا انعقاد کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزارت کا کردار چیلنج سے بھر پوراوراہمیت کا حامل ہے، دنیا بدل رہی ہے، ہمیں تمام میڈیا کو ساتھ لے کر چلنا ہے۔انفارمیشن سروس اکیڈمی کے ڈائریکٹرجنرل نے کہا کہ اکیڈمی کے زیر اہتمام مختلف تقریبات کا انعقاد کیا جا رہا ہے جبکہ تاریخِ پاکستان کے بارے میں خصوصی معلوماتی مقابلوں کا بھی اہتمام کیا جائے گا جس میں مختلف تعلیمی اداروں کے طلباو طالبات کو شرکت کی دعوت دی جائے گی۔سابق وفاقی سیکرٹری اطلاعات اشفاق گوندل نے کہا کہ قومی یکجہتی کیلئے عام آدمی کو تحفظ کے احساس اور حقوق کو یقینی بنانا ہوگا، تعلیمی نظام کو منافع بخش کاروبار بنانے کی بجائے قومی اورجدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہوگا۔ مباحثے میں احمد طلال، حفصہ بتول، حامد ظہور، اخترجاوید، سکندر محمود، صفدر گردیزی، حمید عالم، تحریم احسن، سعدیہ اسلم، صبا یاسر اورسدرہ حسین نے شرکت کی۔معروف صحافی منیر احمد اور سابق سیکریٹری اشفاق احمد گوندل نے مقابلے کے منصفین کے فرائض سر انجام دیئے۔ سدرہ حسین ، حمید عالم اورحفصہ بتول بالترتیب پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن کے حامل قرار پائے۔ وفاقی سیکرٹری اطلاعات نے نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے شرکا کو اعزازات اور شیلڈز دیں۔
 شاہیرہ شاہد

مزیدخبریں