لاہور (خصوصی نامہ نگار)منہاج القرآن علماء کونسل کے زیر اہتمام مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں دین اسلام کے تیسرے خلیفہ داماد رسول حضرت عثمان غنی ؓکے یوم شہادت کے موقع پر’’فکری نشست‘‘ کا اہتمام کیا گیا۔ صدر منہاج القرآن علما کونسل علامہ امداد اللہ قادری، علامہ میر آصف اکبر قادری سمیت علما، مشائخ، علمی شخصیات اور منہاج القرآن علما کونسل کے عہدیداران نے فکری نشست میں شرکت کی۔علامہ امداد اللہ قادری نے کہا کہ دین اسلام کے تیسرے خلیفہ داماد رسول حضرت عثمان غنیؓکے طرز حکومت میں عصر حاضر کے حکمرانوں کیلئے بے شمار رہنمائی ملتی ہے۔حضرت عثما ن غنی ؓ نے اپنے نظام حکومت میں اسلامی شریعت کو فوقیت دی اور ہمیشہ کوشش کی کہ ہر شعبہ حیات میں قرآن و سنت کی تعلیمات کو عملی شکل میں پیش کیا جائے۔ اسلامی تعلیمات و احکامات کاا طلاق سب سے پہلے حاکم وقت پر ہوتا ہے پھر دیگر حکومتی عہدیداران پر ہوتا ہے۔