لاہور (خصوصی نامہ نگار)قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ تحقیق اور ماڈرن سائنسز پر دسترس ترقی کا واحد راستہ ہے۔ نوجوان نسل جدید عصری علوم کے حصول پر توجہ دیں، اس امر کا اظہار انہوں نے برطانیہ اولڈوم مانچسٹر میں ایک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس میں پاکستانی کمیونٹی، مختلف مکتب فکر کے علماء اور فیملیزکی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ کانفرنس میں منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، ڈاکٹر غزالہ قادری، شیخ حماد مصطفی المدنی، شیخ احمد مصطفی العربی، علی عباس بخاری، ظل حسن و دیگر نے شرکت کی۔ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا کہ اسلام جدت اور تحرک کی تعلیمات سے عبارت ہے۔ جو فکر شعور و آگہی کو منجمدکردے وہ حقیقت نہیں ہو سکتی۔ جب تک مسلمان جدید سائنس، تحقیق کے ساتھ وابستہ رہے تو وہ کائنات کے راز تلاش کرتے اور انسانیت کی رہنمائی کرتے رہے۔ جب سے تحقیق کا راستہ چھوڑا ہے تو ہم اغیار کے دست نگر ہو کر رہ گئے۔ نئی نسل کو اسلاف کے علمی، روحانی، تحقیقی مزاج سے ہم آہنگ کرنا ہو گا۔
تحقیق ، ماڈرن سائنسز پر دسترس ترقی کا واحد راستہ ہے:ڈاکٹر طاہرالقادری
Jul 19, 2022