لاہور (خصوصی نامہ نگار) عمران خان اور چودھری پرویزالٰہی کے مابین ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے جس میں سپیکر پنجاب اسمبلی نے چیئرمین پی ٹی آئی کو ضمنی انتخاب میں کامیابی پر مبارکباد پیش کی ہے۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور چودھری پرویزالٰہی کے مابین ٹیلیفونک رابطے کے دوران ضمنی انتخاب کے بعد کی صورتحال پر مشاورت کی گئی۔ دریں اثنا سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی کی زیرصدارت پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان مسلم لیگ کی پارلیمانی پارٹی کا مشترکہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضمنی انتخاب میں کامیابی پر پارلیمانی پارٹی کا چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو بھرپور خراج تحسین پیش کیا گیا۔ پرویزالٰہی نے کہا کہ ضمنی انتخاب میں بھرپور کامیابی پر اللہ تعالی کا شکر ادا کرتا ہوں۔ سیاست کی تاریخ میں بھٹو کے بعد عمران خان کا یہ سب سے بڑا سرپرائز ہے۔ عمران خان کی بھرپور جدوجہد کی وجہ سے یہ کامیابی ملی۔ سترہ جولائی کے انتخابی نتائج عمران خان کے بیانیہ کی فتح ہے۔ عمران خان نے بھرپور انتخابی مہم چلا کر عوام تک اپنا پیغام پہنچایا۔ عوام نے عمران خان کی آواز پر لبیک کہا اور وفاداریاں تبدیل کرنے والوں کو مسترد کر کے پی ٹی آئی کے حق میں فیصلہ سنایا۔ چودھری پرویزالٰہی نے مزید کہا کہ جس طرح اس انتخاب میں پولیس کا بے دریغ استعمال کیا گیا‘ اس کی مثال نہیں ملتی۔ عمر فاروق ایم پی اے نے کہا ضمنی انتخاب میں عمران خان کے بیانیہ کی جیت ہوئی۔ عمران خان کی کال پر استعفے دینے کو بھی تیار ہیں۔ وسیم خان بادوزئی نے کہا کہ تحریک انصاف کی قیادت کو یہ کامیابی مبارک ہو۔ حنیف پتافی نے کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ نوجوانوں نے اس انتخاب میں اہم کردار ادا کیا۔ ہمارے رہنماؤں پر جو مقدمات درج ہوئے‘ اس کی انکوائری کروائی جائے ۔ ڈاکٹر اختر ملک نے کہا کہ جنہوں نے اسمبلی کو بے توقیر کیا‘ ان کو نشان عبرت بنانا ہو گا۔ اجلاس میں محمد بشارت راجہ، چودھری ظہیرالدین، ڈاکٹر اختر ملک، حسین جہانیاں گردیزی، سردار محسن لغاری، جہانزیب کھچی، حنیف پتافی، وسیم بادوزئی، یاور حسین بخاری اور دیگر ارکان اسمبلی نے شرکت کی۔