لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ حمزہ شہباز شریف رکن پنجاب اسمبلی جگنو محسن کی رہائش گاہ گلبرگ گئے۔ وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف نے جگنو محسن سے ملاقات کی اور ان کے والد کے انتقال پر اظہار افسوس کیا۔ انہوں نے کہا کہ والد کا سایہ شجر دار کی مانند ہوتا ہے، والد کی جدائی کا دکھ الفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا۔ حمزہ شہباز شریف نے صادق آباد کے مقام پر دریائے سندھ میں کشتی الٹنے کے واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعلی حمزہ شہباز نے واقعہ میں جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ لاپتہ افراد کی تلاش کیلئے ریسکیو آپریشن تیز کیا جائے اور ریسکیو آپریشن کیلئے تما م تر وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ وزیراعلیٰ نے انتظامیہ سے حادثے کے بارے میں رپورٹ طلب کرلی ہے۔ حمزہ شہباز شریف نے لاہور کے علاقے باغبانپورہ میں میاں بیوی کے قتل کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے ملزم کی جلد گرفتاری کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ملزم کو قانون کی گرفت میں لاکر مزید کارروائی کی جائے اور مقتولین کے لواحقین کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔