لاہور (نیوز رپورٹر+ نامہ نگار) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ الیکشن میں دھاندلی عملے کو غائب کرنے اور جعلی ٹھپے لگانے سے ہوتی ہے، جیت کر بھی دھاندلی کا الزام لگانا پاگل پن ہے۔ وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کے ہمراہ پارٹی سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہو ئے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا کا کہنا تھا کہ الیکشن کمشن پر الزامات فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ محفوظ ہونے کی وجہ ہو سکتا ہے ہم نے فرح گوگی کی ناجائز جائیداد کا پردہ فاش کیا عمران خان اس کا جواب دے۔ وفاقی وزیر داخلہ نے کہاکہ عمران خان ہر وقت اداروں کو دباؤ میں لانے کے لئے ایسا رویہ اپنائے ہوئے ہیں۔ آئندہ انتخابات کے سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ جو فیصلہ اتحادی حکومت کے سربراہان کریں گے اس پر عمل کیا جائے گا۔ اسمبلی توڑنی ہوتی تو پہلے ہی توڑ دیتے اس نے اس سے بھی بھاگ جانا ہے۔ رانا ثناء اللہ نے کہاکہ پنجاب اسمبلی میں ہمارا اور تحریک انصاف میں فرق پانچ نشستوں کا ہے وہ غیر حاضر بھی ہو سکتے ہیں۔ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ اگر ہم نے کل کہا کہ چلو الیکشن کروائو تو یہ کہے گا چیف الیکشن کمشنر کو تبدیل کرو، چیف جسٹس کو تبدیل کرو پھر کہے گا کسی اور کو بھی تبدیل کرو، انہوں نے کہا کہ قوم کی بدقسمتی ہے کہ پاگل نے الیکشن جیتا ہے، عمران خان کو اداروں پر ایسے گفتگو کی کبھی اجازت نہیں دیں گے۔ عمران خان پچیس مئی سے پہلے بھی دھمکیاں دے رہا تھا، ذرا سی سختی کی تو ڈر سے آگے نہیں آیا۔ یہ تاریخ میں پہلی بار الیکشن ہوئے جس میں کسی نے دھاندلی کے الزامات نہیں لگائے۔ عمران خان نے چیف الیکشن کمشنر سے چور دروازے سے ملاقات کی کوشش کی۔ ملاقات سے انکار پر عمران خان نے الزامات لگائے۔ جب تحریک عدم اعتماد آرہی تھی اس وقت اسمبلی کیوں نہیں توڑی۔ جب خود حکومت میں تھے تو الیکشن کا عملہ اغوا کروایا۔ کوئی دھاندلی کی شکایات نہیں آئی۔ دریں اثناء ایک بیان میں وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ تاریخ میں یہ پہلے انتخابات ہیں جن کی شفافیت پر بدترین سیاسی مخالف بھی انگلی نہیں اٹھا سکتے، پنجاب کے عوام نے ہمیشہ پاکستان مسلم لیگ (ن) پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ اپنے بیان میں وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ پنجاب کے عوام کی مثالی خدمت کا سفر اسی جذبے اور تاریخی روایت کے مطابق جاری رکھیں گے، رانا ثناء اﷲ نے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ 20 کی 20 سیٹیں جیتو گے پھر مانو گے کہ شفاف انتخابات ہیں؟۔
وزیر اعلی کے الیکشن میں 5لوگ غیر حا ضر ہو سکتے ، تمام سیٹیں لو گے تو الیکشن شفاف مانو گے: رانا
Jul 19, 2022