جو ڈکٹیشن لیتے ہیں وہ سیاست نہیں کرسکتے‘ڈاکٹر فاروق ستار 

Jul 19, 2022


کراچی (نیوز رپورٹر)ایم کیو ایم تنظیمی کمیٹی کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ جو ڈکٹیشن لیتے ہیں وہ سیاست نہیں کرسکتے۔ تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم تنظیمی کمیٹی کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ آزاد پاکستان پینل کے امیدوار تالے کے نشان پر بلدیاتی انتخابات میں حصہ لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آزاد پاکستان پینل کے انتخابی دفاتر کھول دیے گئے ہیں، میں نے نیک نیتی کے ساتھ اتحاد کی کوشش کی، میں اور خالد مقبول صدیقی ساتھ کھڑے ہونا چاہتے تھے۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ میری خالد مقبول سے تین ملاقاتیں ہوئیں، 30 جون کو پہلی ملاقات ہوئی لیکن میرے خلوص کا مثبت جواب نہیں دیا گیا، 75 بلدیاتی پینل کراچی میں اور 30 پینل حیدرآباد میں کھڑے کیے ہیں۔ ایم کیو ایم تنظیمی کمیٹی کے سربراہ نے کہا کہ میرے بلدیاتی امیدواروں کی اوسط عمر 30 سال ہے، میں نے این اے 245 میں آزاد امیدوار کے طور پر کاغذات نامزدگی جمع کروائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں نے تالے کے نشان پر این اے 245 پر انتخاب لڑنے کا فیصلہ کیا ہے، جو ڈکٹیشن لیتے ہیں وہ سیاست نہیں کرسکتے۔

مزیدخبریں