مشکل وقت میں ن لیگ کیساتھ ‘ کوئی سولوفلائٹ نہیں ہو گی: یوسف گیلانی 

ملتان (سپیشل رپورٹر)سابق وزیراعظم پاکستان اور سینیٹ میں قائد حزب اختلاف  سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پنجاب کے ضمنی الیکشن کے شفاف ہونے کے بعد تحریک انصاف کا دھاندلی کا واویلا  اور اداروں پر الزامات کا بیانیہ دونوں ختم ہوگئے ہیں۔  آئندہ بھی مل کر چلیں گے۔ مسلم  لیگ ن کے مشکل وقت میں ان کا ساتھ دیں گے۔ آرٹیکل 6 کے اطلاق  سے متعلق  فیصلہ اتحادیوں سے مل کر کریں گے۔ تاہم   یہ قابل اطلاق  نہیں لگتا ھے۔ پی ڈی ایم کے فیصلے اتفاق رائے سے ہوں گے کوئی بھی سولو  فلائٹ نہیں ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اپنی رہائشگاہ پر منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اہم اجلاس میں ملک کی سیاسی صورتحال پر تفصیلی گفتگو ہوئی ہے۔  الیکشن کے متعلق بھی بات چیت ہوئی ہے۔  جبکہ ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال اور سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کو بھی زیر بحث لایا گیا ہے۔ پنجاب کے ضمنی الیکشن کے بعد جو نئی سیاسی صورتحال پیدا ہوئی ہے اس پر بھی حکمت عملی ترتیب دے رہے ہیں۔  آج لاہور میں اتحادیوں کا اہم اجلاس ہو گا۔ اس اجلاس میں پی پی پی کی نمائندگی آصف علی زرداری کریںگے۔ اتحادی پارٹیوں کو مکمل سپورٹ دینگے۔ اس مشکل وقت میں مسلم لیگ ن کا ساتھ دیں گے۔  جو بھی لائحہ عمل طے ہوگا اس کا فیصلہ سب کو بتائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ  الیکشن ایک مسلسل عمل کا نام ہے۔ پنجاب میں 20 سیٹوں پر ضمنی الیکشن ہوا۔ جس میں سے پی ٹی آئی نے 15 نشستیں حاصل کی۔  یہ دراصل  پی ٹی آئی کی 20  نشستیں تھیں۔  وہ عملی طور پر 20 سیٹوں میں سے اپنی پانچ سیٹیں کم کر چکے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ  مسلم لیگ ن نے ایک بہتر انتخابی مہم چلائی۔  میں مریم نواز  کو بھی مبارک باد پیش کرتا ہوں کہ انہوں نے بھرپور انتخابی مہم چلا کر اپنے امیدواروں کو جتوانے کی پوری کوشش کی۔     انہوں نے کہا کہ پنجاب میں حکومت کی تبدیلی کا ابھی سے کچھ کہہ دینا ٹھیک نہیں ہے۔  جب کچھ ہوگا تو پھر دیکھیں گے۔اس موقع پر ان کے ہمراہ ایم پی اے سید علی حیدر گیلانی ، سابق ایم این اے سید عبدالقادر گیلانی ،  ڈاکٹر جاوید صدیقی ،  خالد حنیف لودھی ،  خواجہ رضوان عالم ، اے ڈی بلوچ ،  چوہدری یاسین  ،  ایم سلیم راجہ ،   ساجد امین ،   سید عارف شاہ ،  ملک نسیم لابر ،  ملک ارشد اقبال بھٹہ ،  مرزا نذیر بیگ ، ملک عثمان بھٹی ،  راضیہ رفیق ریاض احمد چشتی اور دیگر بھی موجود تھے۔
یوسف گیلانی 

ای پیپر دی نیشن