صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ قابض بھارتی افواج کے ہاتھوں ظلم ، تفریق اور ناانصافی کے باوجود کشمیریوں کا خواب شرمندہ تعبیر ہوگا۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے جموں و کشمیر کے یوم الحاقِ پاکستان کے موقع پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے حصول کیلئے ان کی جدوجہد میں اپنی حمایت کی تجدید کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آج ہم بہادر کشمیری عوام کی تاریخی جہدوجہد میں ان کے ساتھ کھڑے رہنے کا عزم دہراتے ہیں اور جموں و کشمیر کے عوام کے بنیادی انسانی حقوق کو برقرار رکھنے کے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔اس موقع پر صدر پاکستان نے گزشتہ سات دہائیوں سے زائد عرصے پر محیط کشمیریوں کی منصفانہ جدوجہد کو خراج عقیدت پیش کی اور کہا کہ پاکستان جموں و کشمیر میں آزادانہ اور غیر جانبدارانہ استصواب رائے کے ذریعے کشمیریوں کو ان کے حق ِخودارادیت کے لیے اپنی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔ڈاکٹر عارف علوی نے بتایا کہ بھارت نے غیرقانونی اور یکطرفہ طور پر کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کیا .اسکے علاوہ بھارت کے ڈومیسائل اور ملکیتی قوانین مقبوضہ جموں و کشمیر کے آبادیاتی ڈھانچے اور کشمیریوں کو اقلیت میں بدلنے کیلئے تبدیل کیے گئے۔ان کا کہنا تھا کہ کشمیری ہندوتوا بھارتی حکومت کے ظالمانہ اور غیر قانونی اقدامات کے خلاف جدوجہد کر رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن اقوام متحدہ کی قراردادوں ، کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق تنازع کے پرامن حل پر منحصر ہے اور ساتھ ہی مطالبہ کیا کہ عالمی برادری آرٹیکل 35 اے اور 370 معطل کرنے کے بھارتی غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کو ختم کرائے۔
خیال رہے کہ پاکستان اور دنیا بھر میں کشمیری عوام جموں و کشمیر کے پاکستان کے ساتھ الحاق کی یاد منا رہے ہیں، یہ دن 1947ء میں منظور کی گئی تاریخی قرارداد کی روشنی میں ریاستِ جموں و کشمیر کے پاکستان کے ساتھ الحاق کو ایک حقیقت بنانے کیلئے منایا جاتا ہے