کراچی پریس کلب کے سامنے نوکریوں کی ریگولرائزیشن کے لیے احتجاج کرنے والے اساتذہ نے وزیر تعلیم سندھ سید سردار علی شاہ سے مذاکرات کے بعد احتجاجی دھرنا ختم کر دیا اور اساتذہ پر تشدد کرنے والی خاتون کانسٹیبل کو معطل کردیا گیا۔
گزشتہ روز پریس کلب کے سامنے احتجاج کرنے کے بعد جیسے ہی اساتذہ نے وزیر اعلیٰ ہاؤس کی طرف مارچ کرنے کی کوشش کی تو پولیس نے ان پر لاٹھی چارج کرکے متعدد خواتین اور مرد اساتذہ کو گرفتار کیا تھا جبکہ ایک خاتون استاد کے ساتھ بدسلوکی کرنے والی خاتون پولیس کانسٹیبل کی وڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے لگی تھی۔
آج صوبائی وزیر تعلیم سید سردار علی شاہ نے مذاکرات کے لیے اساتذہ کے وفد کو مدعو کیا تھا، جس کے بعد ایس ایس پی ساؤتھ اسد رضا نے ڈان ڈاٹ کام کو بتایا کہ وزیر تعلیم کے ساتھ مذاکرات کی کامیابی کے بعد اساتذہ نے اپنا احتجاج ختم کردیا ہے۔