قرآن کریم کی بے حرمتی اقوام کولڑانے کی سازش ہے:راغب حسین نعیمی

لاہور (خصوصی نامہ نگار) دارالعلوم جامعہ نعیمیہ کے ناظم اعلیٰ علامہ ڈاکٹرراغب حسین نعیمی نے کہاہے کہ قرآن کریم کی بے حرمتی اقوام کولڑانے کی سازش ہے۔ مغربی ممالک میں اسلامی مقدسات کی توہین اسلامو فوبیا کا مظہر ہے۔ ایسے واقعات کی بیخ کنی انتہائی ضروری ہے جس کیلئے عالمی سطح پر ٹھوس اقدامات ناگزیر ہیں۔ آئے روز اسلام کے دشمن مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کررہے ہیں سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی پرہمارے دل خون کے آنسورورہے ہیں ،مغرب کا دہرا معیار کسی صورت قبول نہیں۔ ہم عالمی دنیا سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ مسلمانوں کی عظیم کتاب قرآن مجید کی بے حرمتی کرنے والے ملزمان کو قرار واقعی سزا دلوانے میں کردار ادا کریں امت مسلمہ کو متفقہ لائحہ عمل اپنانے ہوئے سویڈن کا مکمل طور پر سفارتی بائیکاٹ کرنا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز بزم نعیمیہ کے زیراہتمام گڑھی شاہو میں ہونے والے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا مسلمانوں کی مقدس کتاب قرآن کو سرِ عام نذر آتش کرنے والے ملعون کو نشان عبرت بنانا ضروری ہے تاکہ دوبارہ کوئی شخص ایسی جراَت نہ کر سکے۔

ای پیپر دی نیشن