لندن (نوائے وقت رپورٹ) سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے برطانوی پارلیمنٹ کے کمیٹی روم میں بریفنگ دی۔ بریفنگ میں درجنوں ارکان پارلیمنٹ شریک ہوئے۔ بریفنگ میں ڈیبی آبراہمز‘ محمد یاسین‘ عمران حسین‘ ناز شاہ اور یاسمین قریشی نے بھی شرکت کی۔ بریفنگ کا انعقاد یوم شہداء کشیر کی مناسبت سے راجا نجابت حسین نے کیا تھا۔ یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ کشمیر ہمارے دلوں کے قریب ہے۔ کشمیر کا فیصلہ کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق ہونا چاہئے۔ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں میں ملوث ہے۔ پاکستان میں نگران وزیراعظم کا فیصلہ الیکشن کمشن کرے گا۔