ہمسایہ ملک کو معاشی شکست دینگے: وزیراعظم

Jul 19, 2023

اسلام آباد( خبرنگار خصوصی، خبرنگار، اے پی پی ،نوائے وقت رپورٹ) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ڈیفالٹ کا خطرہ اب ختم ہو چکا ہے، آنے والی حکومت چارٹر آف اکانومی پر عمل کرے، آج بھی یہی کہتا ہوں چارٹر آف اکانومی پر قوم متحد ہو جائے، معیشت کی بحالی کیلئے ہم نے پروگرام بنایا ہے، اب اگلی حکومت کو معاشی بحالی کے پروگرام پر کام کرنا ہو گا۔اسلام آباد ماڈل سپیشل اکنامک زون کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اسلام آباد ماڈل سپیشل اکنامک زون کا سنگ بنیاد رکھنے پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں، افسوس یہ منصوبہ کئی سال پہلے معرض وجود میں آنا چاہیے تھا، پانچ سال کی تاخیر کے بعد آج سنگ بنیاد رکھا گیا۔نواز شریف دور میں سی پیک منصوبوں کا آغاز کیا گیااور بجلی کے منصوبے، سڑکوں کے جال بچھائے گئے، نواز شریف کے بعد سی پیک کو نا صرف جامد اور چین تعلقات میں بہت بڑا تعطل پیدا ہو گیا، پورے پاکستان میں سی پیک کے تحت سپیشل اکنامک زونز تعمیر ہونا تھے، پی ٹی آئی کے چار سالہ دور میں صنعتی زونز پر سست روی سے کام ہوا۔ہمارے چودہ ماہ فائرفائٹنگ میں گزرے، تباہ کن سیلاب نے پورے ملک میں تباہی مچائی، وفاق نے سیلاب سے نمٹنے کیلئے 100 ارب تقسیم کیے، یوکرین، روس جنگ کی وجہ سے مہنگائی کا طوفان آیا، لاکھوں ٹن گندم امپورٹ کرنے کیلئے اربوں ڈالر خرچ کرنا پڑے، تیل امپورٹ کرنے کیلئے 27 ارب ڈالر خرچ ہوئے، آئی ایم ایف ہمارے سر پر سوار تھا۔اللہ کا شکر ہے مشترکہ کاوشوں سے معاہدہ ہوا، وزیر خزانہ، وزیر خارجہ سمیت سب کی کاوشوں سے معاہدہ کیا، بجلی کی بہت زیادہ چوری ہوتی ہے، صنعتی ترقی کیلئے بہت اہم منصوبہ بندی کی ہے، بجلی کا بوجھ غریب آدمی پرمزید نہیں ڈال سکتے، پاکستان کو بے پناہ چیلنجز کا سامنا ہے، آئی ایم ایف کی شرائط پرعملدرآمد کے ہم پابند ہیں، ماضی میں آئی ایم ایف معاہدے پرعمل نہیں کیا گیا۔جتنی ہماری ایکسپورٹ ہے ڈوب مرنے کا مقام ہے، اگر ہم دن رات محنت کریں گے تو تمام منزلیں عبور کریں گے، پاکستان کے ذخائر 14 ارب ڈالر کے قریب ہیں، دوست ممالک کا جتنا بھی شکر ادا کریں کم ہے، قرضوں سے ہمیں اب نکلنا ہو گا، دوست ملکوں سے کہا خدا کرے اب ہمیں قرضوں کی درخواست نہ کرنی پڑے، ماضی میں سپیشل اکنامک زونز پر ایک دمڑی نہیں لگائی گئی۔وزیر اعظم شہباز شریف نے مزید کہا ہے کہ ہمیں انڈسٹریل زونز کارو باری حضرات کو لیز پر دینے چاہئیں، اگر حکومت زمینوں کی قیمتیں بڑھائے گی تو کون آ کر سرمایہ کاری کرے گا، زمینیں لیز پر دیں گے تو ملک تیزی سے آگے رواں دواں ہو گا، ہم ہمسایہ ملک کو معاشی میدان میں شکست فاش دیں گے، باتیں نہیں عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔پرائم منسٹر یوتھ سکلز ڈویلپمنٹ پروگرام کی لانچنگ تقریب نیشنل یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی میں منعقد ہوئی۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے نیوٹیک  مین کیمپس کیپٹل سمارٹ سٹی کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔ اس موقع پر وفاقی وزرا، مختلف محکموں کے افسران، ریکٹر نیو ٹیک یونیورسٹی لیفٹیننٹ جنرل (ر) معظم اعجاز اور دیگر بھی موجود تھے۔ سابق صدر آصف علی زرداری اور پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وزیر اعظم ہاؤس میں وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی ۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے دونوں رہنماؤں کا استقبال کیا۔ ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر تفصیلی مشاورت ہوئی۔ ملاقات میں وفاقی وزیر خزانہ محمد اسحاق ڈار اور وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور سردار ایاز صادق بھی موجود تھے۔ وزیراعظم محمد شہبازشریف نے سمندر پار پاکستانیوں کے لئے موبائل فونز کی عارضی رجسٹریشن کے نظام کااجرا کردیا جبکہ وزیراعظم نے کہا ہے کہ پاکستانی تارکین وطن کے لئے جلد نان فنانشل پیکج کااجرا جلد کریں گے، زراعت ، آئی ٹی اور معدنیات کے شعبے پاکستان کی برآمدات بڑھانے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔ وہ منگل کو سمندر پار پاکستانیوں کے موبائل فونز کیلئے عارضی رجسٹریشن کے نظام کے اجرا کی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔سمندرپارپاکستانیوں کی نشاندہی پر ذاتی موبائل فون پر کسٹم ڈیوٹی کی میعاد 2 ماہ سے بڑھا کر 120 دن کی جارہی ہے۔ وزیراعظم نے کہاکہ تارکین وطن کے لئے عارضی رجسٹریشن آن لائن نظام کا اجرا کیا ہے اس پر وفاقی وزیر آئی ٹی اور وزارت کے اعلی حکام ، ایف بی آر، پی ٹی اے کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ یہ ایک اہم ڈیوائس ہے جو سمندر پار لاکھوں پاکستانیوں کے لئے ایک بہترین سہولت ہے۔ انہیں یہ سہولت گھر بیٹھے میسر آئے گی۔ وہ 4 ماہ تک بغیر ٹیکس دیئے اپنا فون استعمال کرسکیں گے۔ اس میں 120 دن کی توسیع بھی دی جائے گی۔ اس میں مخصوص کیسز کی بجائے سب کو یہ سہولت ملنی چاہیے۔ وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ کھیلوں کے شعبے کے لئے 5 ارب روپے مختص کئے ہیں، دوبارہ موقع ملا تو تعلیم ، فنی تعلیم اور کھیل کے میدان بنانے کے لئے جتنے وسائل درکار ہوئے مہیا کریں گے، نوجوان کسی بھی ملک کا سرمایہ ہوتے ہیں،محدود وسائل کے باوجود نوجوانوں نے کھیل کے میدان میں پاکستان کا نام روشن کیا، پوری قوم ملک کا نام روشن کرنیوالوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہے،زرمبادلہ کے ذخائر میں گزشتہ روز 60کروڑ ڈالر کا اضافہ ہوا ، دوست ممالک کی معاونت سے معاشی اشاریے بہتر ہو رہے ہیں، نوجوانوں کی محنت اور جدوجہد سے پاکستان آگے بڑھے گا، نوجوانوں کیلئے جتنے وسائل درکار ہوئے مہیا کریں گے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے وزیراعظم یوتھ سپورٹس انیشی ایٹو کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب، وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ احسان الرحمان مزاری ،وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے امور نوجوانان شزافاطمہ ،اولپمئن شہبا سنیئر،خواجہ جنید،اختر رسول کے علاوہ کھلاڑیوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ چین نے پاکستان کو 600ملین ڈالر رول اوور کردئیے دوست ممالک کی معاونت سے معاشی اشاریے بہتر ہو رہے ہیں،کل چین نے پاکستان کو 600 ملین ڈالر رول اوور کیے ہیں۔اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ گزشتہ رو  پاکستان کے ذخائر میں 600ملین ڈالرکا اضافہ ہوا ۔وزیراعظم نے کہا ہے کہ محدود وسائل کے باوجود نوجوانوں نے پاکستان کا نام روشن کیا نوجوانوں نے کھیل کے میدان میں پاکستان کا جھنڈا پوری دنیا میں بلند کیا ہے، پوری قوم ملک کا نام روشن کرنے والوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان کی پہلی سپورٹس یونیورسٹی کا افتتاح کر دیا ۔سپیشل اولمپکس میں تمغے حاصل کرنیوالی ٹیم کو پچاس لاکھ جبکہ سپیشل کھلاڑی الطاف الرحمان کو سپورٹس ویل چیئر کی خریداری کیلئے ساڑھے 3 لاکھ روپے کا چیک دیا۔ اسلام آباد میں منعقدہ تقریب میں وزیر اعظم نے وفاقی وزراء مریم اورنگ زیب،احسان مزاری،شزا فاطمہ خواجہ،اور نامور کھلاڑیوں کے ہمراہ یونیورسٹی کا افتتاح کیا جبکہ اس موقع پر سپیشل اولمپکس میں تمغے حاصل کرنے والی ٹیم کو 50لاکھ روپے کا چیک دیا ۔وزیراعظم محمد شہباز شریف سے چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی نے ملاقات کی۔ملاقات میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔وزیر اعظم میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں بلوچستان کے ترقیاتی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم کی خصوصی ہدایت پر دالبندین ائیرپورٹ کی ہنگامی بنیادوں پر ازسرنو تعمیر اور بحالی پر چیئرمین سینیٹ نے وزیراعظم کو خراج تحسین پیش کیا۔چیئرمین سینیٹ نے وزیراعظم کی قیادت میں معاشی ٹیم کی آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کو حتمی شکل دینے کی کوششوں پر وزیراعظم کو خراج تحسین پیش کیا۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف سے وزیر برائے وفاقی تعلیم اور پیشہ ورانہ و تکنیکی تربیت رانا تنویر حسین نے ملاقات کی۔ وزیر اعظم آفس میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق منگل کو ہونے والی ملاقات میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی گئی ۔ملاقات میں وفاقی وزیر نے متعلقہ وزارت کے پیشہ ورانہ امور کے حوالے سے وزیراعظم کو آگاہ کیا۔وزیراعظم سے ممبران قومی اسمبلی ندیم عباس‘ حامد حمید اور عابد رضا نے ملاقات کی۔ ملاقاتوں میں ملک کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم کو ممبران نے متعلقہ حلقوں کے مسائل سے آگاہ کیا۔وزیراعظم شہباز شریف سے وزیر تجارت نوید قمر نے ملاقات کی۔ اعلامیہ پی ایم آفس میں کہا گی کہ ملاقات میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر گفتگو کی گئی۔ نوید قمر نے وزیراعظم کو وزارت تجارت کے امور پر بریفنگ دی۔وزیراعظم شہباز شریف نے یو اے ای کے صدر شیخ محمد بن زید کو ٹیلی فون کیا۔ وزیراعظم نے اماراتی صدر سے معاشی استحکام کیلئے مدد پر اظہار تشکر کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ یو اے ای کی جانب سے ایک ارب ڈالر کے ڈیپازٹ پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔ دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں رہنماؤں نے اقتصادی‘ تجارتی اور سرمایہ کاری سیکٹر میں تعلقات کے فروغ پر اتفاق کیا۔علاوہ ازیں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کی رہائش گاہ پر جا ان کے جواں سالہ بیٹے کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم نے ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کے جواں سال صاحبزادے کی وفات پر اہلخانہ سے دلی رنج وغم کا اظہار کیا اور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کے مرحوم بیٹے کے لیے فاتحہ خوانی کی۔ وزیراعظم نے مرحوم کے درجات کی بلندی اور اہل خانہ کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔ وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیرِ ریلوے و ہوابازی خواجہ سعد رفیق، وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب، وفاقی وزیرِ توانائی انجنیئر خرم دستگیر اور مشیر وزیر اعظم احد چیمہ بھی اس موقع پر وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔

مزیدخبریں