پاکستان دہشت گردوں کے ساتھ مشکل جنگ میں ہے، ہم ملکر کام کر  رہے: پینٹاگون

Jul 19, 2024

 واشنگٹن (آئی این پی) ترجمان امریکی فوج میجر جنرل پیٹرک رائیڈر نے حالیہ دہشتگرد حملوں میں پاکستانی فوجیوں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا  ہے  کہ  پاکستان خطے میں دہشتگردوں کے ساتھ مشکل جنگ میں ہے۔ امریکہ اور پاکستان دہشتگردی کے خلاف مل کر کام کر رہے ہیں۔ میجر جنرل پیٹرک رائیڈر نے ان خیالات کا اظہار پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ ترجمان پینٹاگون نے کہا کہ ہماری دعائیں جان قربان کرنے والے فوجیوں کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک مل کر کام کرنے والے طریقوں پر بات کر رہے ہیں۔ پاکستان کو جدید امریکی ہتھیار فراہم کرنے پر ابھی اعلان کرنے کو کچھ نہیں، پاکستان کے ساتھ سکیورٹی تعاون کے تعلقات برقرار ہیں۔ ترجمان پینٹاگون نے کہا کہ پاکستان کی عسکری ضروریات کے میکانزم پر بات چیت ہو رہی ہے۔ پریس کانفرنس میں ان سے سوال کیا گیا کہ کیا آپ کو لگتا ہے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر قاتلانہ حملے میں کوئی بیرونی ملک ملوث ہو سکتا ہے؟۔ اس پر ترجمان نے کہا کہ میں آپ کو وزیر دفاع کے بیان دیکھنے کا کہتا ہوں۔ امریکی وزیر دفاع نے اس واقعے کی مذمت کی، پرتشدد واقعات کی ہماری جمہوریت میں قطعی طور پر کوئی جگہ نہیں، قاتلانہ حملے کی تحقیقات سے متعلق ایف بی آئی اور سیکرٹ سروس کا الرٹ دیکھیں۔ ایک اور سوال پر کہ امریکی میڈیا ایران کے ملوث ہونے کی خبریں چلا رہا ہے، اس پر انہوں نے کہا کہ رپورٹس دیکھی ہیں، محکمہ انصاف یا ڈپارٹمنٹ آف ہوم لینڈ سے رابطہ کریں۔

مزیدخبریں