پاکستان کی موجودہ حکومت 18 ماہ رہے گی، ٹیکنو کریٹ آ سکتے ہیں: فچ

Jul 19, 2024

 اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ این این آئی) معاشی درجہ بندی کے ادارے فچ نے پیش گوئی کی ہے کہ پاکستان کی موجودہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت 18 ماہ تک قائم رہے گی۔ جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان مستقبل قریب میں زیر حراست ہی رہیں گے۔ فچ نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ پاکستان کے عام انتخابات میں آزاد امیدواروں کو بڑی تعداد میں کامیابی ملی، جیتے والے آزاد امیدواروں کو جیل میں قید بانی پی ٹی آئی کی حمایت حاصل تھی۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ پاکستان کے شہروں میں مظاہرے معاشی سرگرمیاں متاثر کر سکتے ہیں۔ فچ نے کی پیش گوئی کی کہ موجودہ حکومت، عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ مل کر معاشی اصلاحات کرے گی،  موجودہ حکومت ختم ہوئی تو پاکستان میں ٹیکنوکریٹ کی حکومت آئے گی۔ رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کے اختتام تک پاکستان میں مہنگائی بڑھنے کی شرح کم ہوسکتی ہے، شرح سود میں کمی کی بھی توقع ہے اور امکان ہے کہ سٹیٹ بینک شرح سود کو 14 فیصد تک لائے گا۔ رواں مالی سال پاکستان کی معاشی شرح نمو 3.2 فیصد تک رہ سکتی ہے۔  فچ نے اپنی رپورٹ میں پیشگوئی کی ہے کہ حکومت پاکستان نے بجٹ میں مشکل ترین معاشی اہداف مقرر کئے ہیں۔ حکومت پاکستان مالیاتی خسارے کو 7.4 فیصد سے کم کرکے 6.7 فیصد پر لانا چاہتی ہے۔ حکومت پاکستان کے مشکل معاشی فیصلے آئی ایم ایف کے ساتھ پروگرام کی راہ ہموار کر رہے ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی معیشت کیلئے بیرونی ادائیگیوں کا دبائو معاشی رسک ہے۔ پاکستان کی زراعت کیلئے سیلاب اور خشک سال معاشی رسک ہے۔

مزیدخبریں