اسلام آباد (خصوصی رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) سپریم کورٹ رجسٹرار آفس نے مسلم لیگ (ن) کی مخصوص نشستیں تحریک انصاف کو دینے کے فیصلے پر نظر ثانی درخواست کو نمبر الاٹ کر دیا۔ ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی نظرثانی درخواست کو سی آر پی 312 نمبر الاٹ کیا گیا ہے۔ فیصلے کیخلاف تاحال مسلم لیگ (ن) کے علاوہ کسی فریق نے نظرثانی دائر نہیں کی۔ ن لیگ کے دائر درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ سپریم کورٹ 12 جولائی کے فیصلے پر نظر ثانی کرے اور واپس لے اور فیصلے پر حکم امتناع دینے کی بھی استدعا کی گئی ہے۔ ن لیگ کی جانب سے دائر درخواست میں سنی اتحاد کونسل، حامد رضا اور الیکشن کمشن سمیت گیارہ پارٹیوں کو فریق بنایا گیا ہے۔ دوسری جانب ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی میں مخصوص نشستوں پر حلف لینے والے ممبران نے بھی فیصلے پر نظرثانی کیلئے ذاتی طور پر سپریم کورٹ میں درخواست دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔