تعلقات غیر معمولی، آرمی چیف: کوئی دوستی ختم نہیں کر سکتا، چینی سفیر

اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) چین کی پیپلز لبریشن آرمی (پی ایل اے) کے قیام کی 97ویں سالگرہ کی تقریب جی ایچ کیو راولپنڈی میں ہوئی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان میں عوامی جمہوریہ چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ مہمان خصوصی تھے۔ میجر جنرل وانگ ژونگ، چینی سفارتخانے کے دفاعی اتاشی، سفارتی حکام اور پاکستان کی مسلح افواج کے افسروں نے تقریب میں شرکت کی۔ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نشان امتیاز (ملٹری) نے چینی مہمانوں کا استقبال کرتے ہوئے پی ایل اے کو مبارکباد دی اور چینی دفاع، سلامتی اور ملکی ترقی میں پی ایل اے کے تعاون کی تعریف کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ "پاکستان اور چین کے تعلقات غیر معمولی ہیں اور فریقین نے ہمیشہ باہمی اعتماد اور ایک دوسرے کی حمایت میں غیر متزلزل یقین کے ساتھ سٹرٹیجک ماحول کے اتار چڑھاؤ کا مقابلہ کیا ہے۔ پاک فوج اور پیپلز لبریشن آرمی کے درمیان تعلقات مضبوط ہیں اور دونوں فوجیں دوطرفہ فوجی تعاون جاری رکھے ہوئے ہیں، جو دونوں ممالک کے درمیان آہنی بھائی چارے کا مظاہرہ کرتی ہیں۔ چینی سفیر نے پی ایل اے کے قیام کی 97 ویں سالگرہ کے موقع پر تقریب کی میزبانی کرنے پر آرمی چیف کا شکریہ ادا کیا۔ چینی سفیر نے کہا کہ پاکستانی فوج ہمیشہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سب سے آگے رہی ہے اور پاکستان اور خطے کے امن و استحکام کے لیے بڑی قربانیاں دی ہیں۔ دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے اپنے بھائیوں کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے تیار ہیں اور اس بات پر پختہ یقین رکھتے ہیں کہ کوئی بھی طاقت چین اور پاکستان کے درمیان آہنی دوستی اور دونوں افواج کے درمیان بھائی چارے کو ختم نہیں کر سکتی۔

ای پیپر دی نیشن