غزہ(آئی این پی)ہزاروں معصوم فلسطینیوں کو شہید کرنے کے باوجود وحشی اسرائیل کا جنگی جنون کم نہ ہو سکا، غزہ میں فضائی حملوں کے نتیجے میں 24 گھنٹوں میں بچوں سمیت مزید 80سے زائد شہری شہید ہو گئے ہیں،غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیل کے جنگی طیاروں نے نصیرات میں اقوام متحدہ کے زیر انتظام م چلنے والے سکول کو نشانہ بنایا، اس کے علاوہ خان یونس کے مضافاتی علاقے عطار میں بھی شہریوں پر بمباری کی گئی، حملوں کے نتیجے میں بچوں سمیت 3درجن سے زائد افراد جاں بحق ہو گئے جس کے بعد 24گھنٹوں کے دوران شہید فلسطینیوں کی تعداد 80سے تجاوز کر گئی ہے۔اسرائیلی حملے کے بعد سول ڈیفنس کے اہلکاروں کا کہنا ہے کہ وسطی غزہ کے نصیرات پناہ گزین کیمپ پر حملے میں کم از کم 14فلسطین شہید ہوئے ہیں جبکہ فلسطینی وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی فوج نے 10روز میں اقوام متحدہ کے 8پناہ گزین سکولوں کو نشانہ بنایا ہے۔دوسری جانب حماس کے جنگجوں نے بھی اسرائیلی حملوں کے جواب میں مارٹر گولوں اور بارودی سرنگوں سے صیہونی فوجیوں کو نشانہ بنایا ہے جس کے نتیجے میں کئی اسرائیلی ٹینک تباہ اور فوجی بھی مارے گئے ہیں، متعدد زخمی ہوئے۔ادھر امریکی فوج نے امداد کی رسائی کیلئے غزہ کے ساحل پر عارضی بندرگاہ ختم کرتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ کے ساحل پر عارضی بندرگاہ کا میری ٹائم مشن مکمل ہو گیا جس کے بعد عارضی بندرگاہ کی مزید ضرورت نہیں رہی ہے۔