گوجرانوالہ؍ لاہور (نمائندہ خصوصی+ نامہ نگار) گوندلانوالہ چوک میں دن دیہاڑے کار سواروں نے فائرنگ کرکے تین مخالفین کو قتل جبکہ راہگیر کو شدید زخمی کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ صدر گوجرانوالہ کے مقدمہ قتل کے سلسلہ میں مظہر، ذیشان اور عبدالرؤف خان تاریخ پیشی کے بعد گھر واپس جا رہے تھے کہ گوندلانوالہ چوک میں دن دیہاڑے کار سواروں نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں گولیاں لگنے سے مظہر اور ذیشان موقع پر ہی جاں بحق جبکہ عبدالرؤف اور راہگیر سیف اللہ شدید زخمی ہو گئے تھے۔ فائرنگ سے ہر طرف خوف و ہراس پھیل گیا اور بھگدڑ مچ گئی۔ کوتوالی پولیس نے نعشوں کو ضروری کارروائی اور زخمیوں کو طبی امداد کی فراہمی کیلئے ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کیا۔ جہاں پر عبدالرؤف بھی دم توڑ گیا۔ کوہلو والہ نئی آبادی میں 10اپریل 2023 کو بچوں کے معمولی جھگڑے پر ملزمان اظہر، عارف، شہزاد، سلیمان اور عمران وغیرہ نے فائرنگ کرکے فیضان کو قتل اور دو سالہ بچی کو زخمی کر دیا تھا۔ دریں اثناء آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے گوجرانوالہ میں سابق دشمنی پر فائرنگ سے 3 افراد کی ہلاکت کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او گوجرانوالہ سے رپورٹ طلب کرلی۔