لاہور(نامہ نگار) ستوکتلہ کے علاقے میں ڈاکوؤں نے ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ کرکے ایک شخص کو قتل کر دیا۔ ڈاکوؤں اور چوروں نے چوری و ڈکیتی کی وارداتوں میں متعدد شہریوں سے لاکھوں روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون، موٹر سائیکلیں، گاڑیاں اور دیگر سامان لوٹ لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ڈاکوؤں نے اقبال ٹاؤن کے علاقے میں ساجد کے گھر گھس کر اہلخانہ کو یرغمال بنا کر6 لاکھ20 ہزار روپے مالیت کی نقدی، موبائل فون، طلائی زیورات اور دیگر سامان، مصری شاہ کے علاقے میں ناصر کی فیملی سے 4 لاکھ30ہزار روپے مالیت کی نقدی،زیورات اور موبائل فون، گڑھی شاہو میں امین سے 3لاکھ 26 ہزار روپے نقدی اور موبائل فون، سمن آباد کے علاقے میں منیب سے 2لاکھ 42 ہزار روپے نقدی اور موبائل فون، نشتر کالونی کے علاقے میں اسد سے2 لاکھ 5 ہزار روپے نقدی اور موبائل فون، مناواں کے علاقے میں صغیر سے 98ہزار روپے نقدی اور موبائل فون،گجر پورہ کے علاقے میں منیر سے 80 ہزار روپے اور موبائل فون،سندر کے علاقے میں رؤف سے50 ہزار روپے اور موبائل فون، ٹاؤن شپ کے علاقے میں جواد سے14 ہزار روپے اور موبائل فون لوٹ لیا اور فرار ہو گئے ہیں۔ چوروں نے گلبرگ، جنوبی چھاؤنی اور قلعہ گجر سنگھ کے علاقوں سے 3گاڑیاں، ہنجروال کے علاقے سے رکشہ جبکہ اسلام پورہ، وحدت کالونی، سبزہ زار، جوہر ٹاؤن، لیاقت آباد، باغبانپورہ اور شالیمارکے علاقوں میں سے 7موٹر سائیکلیں چوری کر لیں۔