لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈنے بھارتی بورڈ سے چیمپئینز ٹرافی2025ء کیلئے بھارتی حکومت کی جانب سے پاکستان ناجانے دینے سے انکار کی تحریری وضاحت مانگ لی۔بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق پی سی بی کے اعلی حکام کا کہنا ہے کہ اگر بھارتی حکومت چیمپئنز ٹرافی 2025ء کے پاکستان کے سفر کیلئے اپنی ٹیم کواجازت دینے سے انکار کرتی ہے، تو اسے تحریری طور پر ہونا چاہیے۔ یہ بھارتی کرکٹ بورڈ پر ہے کہ وہ خط انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو فراہم کرے۔ذرائع نے مزید کہا کہ بھارتی بورڈ کو ٹورنامنٹ سے کم از کم 5-6ماہ قبل اور تحریری طور پر ہمیں اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو اپنی آمد سے متعلق آگاہ کرنا چاہیے تھا۔گزشتہ برس بھارتی بورڈ کے نخروں کے باعث ایشین کرکٹ کونسل کو دبائو میں لاکر بی سی سی آئی نے ایشیاکپ پاکستان میں کھیلنے سے انکار کردیا تھا جس کے باعث ٹورنامنٹ کو ہائبرڈ ماڈل کے طور پر سری لنکا اور پاکستان میں کھیلا گیا۔تاہم چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے دوٹوک الفاظ میں آئی سی سی پر واضح کردیا ہے کہ چیمپئینز ٹرافی 2025کی میزبانی سے پیچھے نہیں ہٹیں گے، بھارت کی ایونٹ میں شرکت کا ذمہ دار انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ہے۔
چیمپئینز ٹرافی میں شرکت سے انکار‘پی سی بی نے بھارتی بورڈ سے تحریری وضاحت مانگ لی
Jul 19, 2024