اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی پر پابندی کے حوالے سے حکومت نے ابھی ارادہ ظاہر کیا ہے اور اس حوالے سے آئین پر عمل کیا جائے گا۔ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ حکومت آرٹیکل 17 کے تحت کسی بھی پارٹی پر پابندی کیلئے ڈکلیئریشن دے سکتی ہے، جب کابینہ منظوری دے گی تو ڈکلیئریشن کو 15 دن میں سپریم کورٹ میں پیش کیا جاتا ہے اور اگر عدالت ڈکلیئریشن سے متفق ہوجائے تو اس پارٹی پر پابندی عائد ہوجاتی ہے۔ حکومت نے ابھی اپنے ارادے کو ظاہرکیا ہے، آئین میں دیئے گئے طریقہ کار کے مطابق عمل کیا جائے گا۔ رانا ثناء اللہ نے مزید کہا کہ مخصوص نشستوں کے معاملے پر عدالت میں اپنا مؤقف پیش کریں گے، اگر مخصوص نشستیں ہمیں مل سکتی ہیں تو آئینی طور پر کوشش کریں گے۔ ایڈہاک ججز رکھنے کا باقاعدہ آئین میں ذکر ہے، اگر یہ ٹھیک نہیں تو آئین میں کیوں ہے؟۔ کسی کے پسند یا ناپسند پر آئینی چیز کو روکا نہیں جاسکتا۔
پی ٹی آئی پر پابندی کا ابھی ارادہ ظاہر کیا، آئینی طریقے سے عمل ہو گا: رانا ثنا
Jul 19, 2024