اسلام آباد، لاہور، پشاور، کوئٹہ، مظفر آباد، وزیر آباد (آئی این پی) پنجاب، شمالی بلوچستان اور آزاد کشمیر کے مختلف شہروں میں بارش کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا۔ اور گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔ چارسد میں شدید طوفان اور آندھی کے باعث چھتیں اور دیواریں گرنے سے دو افراد جاں بحق جبکہ10 زخمی ہو گئے۔ این ڈی ایم اے نے ملک بھر میں21 جولائی تک موسلادھار بارشوں کے پیش نظر فلیش فلڈنگ کا انتباہ جاری کیا۔ خیبر پی کے، مری، گلیات، کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔ پنجاب کے دیگر شہروں گجرات، راولپنڈی، حافظ آباد، جہلم میں طوفانی بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔ شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا ہے۔ گجرات میں بارش کے باعث گیپکو کے کئی فیڈر متاثر ہو گئے۔ حافظ آباد شہر اور گرد و نواح میں بھی شدید بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا۔ بلوچستان کے علاقے شیرانی، دہانا سر اور ژوب میں موسلادھار بارش کے باعث سیلابی صورتحال ہے۔ وزیر آباد میں گلیاں محلے اور سڑکیں زیر آب آ گئے۔ بجلی کے متعدد فیڈرز ٹرپ کر گئے۔ وزیر آباد، علی پور چٹھہ، احمد نگر، رسولنگر، گکھڑ سمیت ضلع بھر کے مختلف علاقوں میں تیز ہوا کے ساتھ کہیں موسلادھار اور کہیں وقفے وقفے سے ہلکی بارش نے رنگ جما دیا۔ فیڈرز ٹرپ ہونے اور دیگر تکنیکی خرابیوں کے باعث متعدد علاقوں میں بجلی بند ہو گئی۔ بجلی کی بندش سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
پنجاب، بلوچستان، کشمیر میں بارش، حبس میں کمی، چھتیں گرنے سے 2 افراد جاں بحق، 10 زخمی
Jul 19, 2024