لاہور (خصوصی نامہ نگار+ این این آئی)سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کے ہمراہ کربلا گامے شاہ کا دورہ کیااور مرکزی عزاداری جلوس اور اختتامی پوائنٹ پر سکیورٹی کا جائزہ لیا۔اس موقع پروزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی خواجہ سلمان رفیق، وزیر خوراک بلال یاسین، وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمن، سیکرٹری داخلہ نور الامین مینگل ان کے ہمراہ تھے۔سیکرٹری داخلہ نور الامین مینگل نے لاہور سمیت پنجاب بھر میں مرکزی جلوسوں کی صورتحال بارے بریفنگ دی۔کمشنر لاہور اور ڈپٹی کمشنر لاہور بھی اس موقع پر موجود تھے۔امن کمیٹی کے ارکان اور متعلقہ افسران بھی ہمراہ تھے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر پوری کابینہ امن و امان کے قیام کیلئے فیلڈ میں ایکٹو ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے حکم پر صوبہ بھر میں خصوصی نیاز، لنگر اور سبیلوں کا اہتمام ہوا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کے حکم پر انتظامات کا یہ سلسلہ چہلم تک جاری رہے گا۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ اہل بیتِ اطہار سے محبت و عقیدت ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔جلوسوں کے تمام شرکاء کی بحفاظت واپسی تک سب کمشنرز،ڈی سیز،اے سیز،ارپی اوز اور امن عامہ کمیٹی فیلڈ میں موجود رہے۔مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ لاہور سمیت پنجاب بھر میں عاشورہ پُرامن انداز میں گزرا۔شہریوں کی حفاظت کیلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ان تھک محنت پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
مریم اورنگزیب کا کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کے ہمراہ کربلا گامے شاہ دورہ
Jul 19, 2024