وزیر داخلہ نے ملک میں11 برس بعد نیشنل ڈرگ سروے کی اصولی منظوری دے دی 

لاہور ( این این آئی)وفاقی وزیر داخلہ و انسداد منشیات نے ملک میں11 برس بعد نیشنل ڈرگ سروے کی اصولی منظوری دے دی۔ نیشنل ڈرگ سروے کے تحت ملک بھر میں منشیات استعمال کرنے والے افراد کا ڈیٹا اکٹھا کیا جائے گا۔ وزیر داخلہ و انسداد منشیات محسن نقوی کی زیر صدارت کمیٹی برائے نیشنل ڈرگ سروے کا اجلاس ہوا۔اجلاس میں وفاقی سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری پلاننگ، ایڈیشنل سیکرٹری فنانس، سپیشل سیکرٹری ہیلتھ، ڈی جی اے این ایف اور چیف سٹیٹکس نے شرکت کی ۔ محسن نقوی نے کہا کہ نیشنل ڈرگ سروے کو ہر صورت جامع اور مستند ہونا چاہیے، سروے کے درست ڈیٹا کی اصل اہمیت ہے اور اسی کا  فائدہ ہو گا۔ وزیر داخلہ و انسداد منشیات نے سروے میں گھروں کے علاوہ تعلیمی اداروں ، کچی آبادیوں اور دیگر جگہوں سے بھی ڈیٹا اکٹھا جمع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مستند اور جامع سروے سے ہی انسداد منشیات کے ضمن میں بھرپور اور مفصل فیصلہ سازی ممکن ہو گی۔ انسداد منشیات پر کوئی سمجھوتہ نہیںہوگا کیونکہ یہ قوم کے مستقبل کا مسئلہ ہے۔ وزیر داخلہ و انسداد منشیات نے متعلقہ حکام کو 15 دن کے اندر سروے سے متعلق معاملات کو حتمی شکل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اے این ایف اور پاکستان بیورو آف سٹیٹکس مل کر سروے کے انعقاد کے لیے طریقہ کار، مطلوبہ ڈیٹا کی نوعیت، نمونہ کی شکل، اور ٹائم لائن کو وضع کریں ۔سروے کے انعقاد میں تعاون کیلئے بین الاقوامی ترقیاتی اداروں سے بھی رابطہ کیا جائے۔

ای پیپر دی نیشن