انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے جناح ہائوس جلائو گھیرا ئوکیس میں قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب ، پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی سمیت دیگر کی عبوری ضمانتوں میں6اگست تک توسیع کردی۔لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت کے جج خالد ارشد نے عبوری ضمانتوں کی درخواست پر سماعت کی۔ عمر ایوب ، اعظم سواتی مسرت چیمہ ،جمشید چیمہ ،زین قریشی سمیت دیگر نے پیش ہوکر حاضری مکمل کروائی۔ عدالت نے عبوری ضمانتوں میں 6 اگست تک توسیع کردی۔عدالت نے استفسار کیا کہ کیا تفتیش کی سطح پر یہ بتانا ضروری ہے کہ ملزم پر الزامات کیا ہیں۔عمر ایوب کے وکیل بابر اعوان نے تمام ضمانتوں میں ایک تاریخ کی استدعا کردی، انہوں نے موقف اپنایا کہ مختلف مقدمات میں بار بار پیش ہونا مشکل ہے اور میرے کلائنٹ کے لئے بھی مشکل ہے۔وکیل بابر اعوان کا مزید کہنا تھا کہ دوسرے مقدمات میں 21 جولائی 23 جولائی اور 24 جولائی کی تاریخ مقرر ہے ۔عدالت نے پولیس کو تفتیش مکمل کرنے کا آخری موقع دیتے ہوئے کہا کہ پولیس کے پاس جو بھی تفتیش ہے وہ آئندہ سماعت پر مکمل کرکے پیش کرے۔ پولیس نے مقدمے کا نامکمل ریکارڈ عدالت میں پیش کیا۔ پولیس انسپکٹر نے استدعا کی کہ امن و امان کی صورتحال کے باعث ملزمان سے تفتیش نہیں ہوسکی۔ عدالت تفتیش مکمل کرنے کے لیے مہلت فراہم کرے۔اے ٹی سی جج نے استفسار کیا کہ آپ کو کتنا وقت درکار ہے۔ لا اینڈ آرڈر کی صورتحال تو 2 دن پہلے تھی ۔ عبوری ضمانتیں 13 ماہ سے چل رہی ہیں آپ کو کتنا وقت چاہیے جس پر پولیس انسپکٹر نے جواب دیا کہ یکم محرم الحرام سے لیکر 10محرم تک لا اینڈ آرڈر کی ڈیوٹی ہوتی ہے۔ عدالت نے حکم دیا کہ جو ملزمان شامل تفتیش نہیں ہوئے وہ تفتیش میں شامل ہوں۔