وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے سلطنت عمان کے سفیر فہد سلیمان خلف الخروسی کی آج وزیر اعظم ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات ہوئی۔ وزیراعظم نے مسقط کے ضلع وادی کبیر میں امام بارگاہ علی بن ابو طالب پر ہونے والے بزدلانہ دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی جس کے نتیجے میں چار پاکستانی شہریوں سمیت چھ افراد جاں بحق اور تیس سے زائد زخمی ہوئے، جن میں سے تقریباً سبھی پاکستانی تھے۔ وزیراعظم نے حملے میں شہید ہونے والے پاکستانیوں کی میتوں کی وطن واپسی اور زخمیوں کے علاج کیلئے عمان کی جانب سے فوری اقدامات اور پاکستانی سفارتخانے کے ساتھ تعاون کو سراہا۔ وزیرِ اعظم نے عمان کو دہشت گردی کی عفریت سے نمٹنے کے لیے پاکستان کے تعاون کی پیشکش کی۔ ملاقات کے دوران وزیر اعظم نے عزت مآب سلطان ہیثم بن طارق کے لیے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا جبکہ سلطان کے ساتھ عید الاضحیٰ اور عید الفطر کے موقع پر ہونے والی ٹیلیفونک گفتگو کا بھی ذکر کیا۔ وزیراعظم نے عزت مآب سلطان ہیثم بن طارق کو جلد از جلد پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی اپنی گزشتہ کی گئی دعوت کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور عمان کے تعلقات مشترکہ تاریخ، عقیدے اور ثقافت پر مبنی ہیں۔ انہوں نے پاکستان کی طرف سے دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں بالخصوص تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور دفاع میں دو طرفہ تعاون کو مزید مضبوط کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ وزیر اعظم نے تجارت اور سرمایہ کاری میں تعاون کے لیے وفد کو آئندہ ہفتے پاکستان کا دورہ کرنے کی ترغیب دینے پر سفیر کا شکریہ ادا کیا اور انہیں یقین دلایا کہ متعلقہ حکام باہمی طور پر مفید نتائج کے حصول کے لیے وفد کو مکمل تعاون فراہم کریں گے۔ عمان کے سفیر نے وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا اور عمان کے سلطان کی طرف نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے اپنے ملک کے پاکستان کے ساتھ تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو مزید بڑھانے کی خواہش کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم سے عمان کے سفیر کی وزیراعظم ہاوس میں ملاقات
Jul 19, 2024 | 15:28