وزیراعظم شہباز شریف کی مسقط میں دہشت گرد حملے کی شدید مذمت

وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے مسقط میں دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی گئی ہے۔وزیراعظم ہاؤس کی طرف سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق شہباز شریف سے عمان کے سفیر نے ملاقات کی ہے۔ ملاقات میں وزیر اعظم نے عمان کو دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے پاکستان کے تعاون کی پیشکش کی.اعلامیے میں کہا گیا کہ مسقط حملے میں 4 پاکستانی شہریوں سمیت 6 افراد جاں بحق، 30 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔ وزیراعظم نے سلطان ہیثم بن طارق کو پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت کا اعادہ بھی کیا۔ملاقات کے دوران شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان اور عمان کے تعلقات مشترکہ تاریخ، عقیدے اور ثقافت پر مبنی ہیں۔ وزیراعظم نے تجارت، توانائی اور دفاع سمیت دیگر شعبوں میں دو طرفہ تعاون بڑھانے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔اس موقع پر عمان کے سفیر نے بھی دو طرفہ تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات مضبوط کرنے کی خواہش کا اعادہ کیا۔

ای پیپر دی نیشن